لاہور: ہالی ووڈ کے معروف اداکار لیونارڈو ڈیو کیپریو فرانسیسی میگزین کیخلاف ہرجانے کا مقدمہ جیت گئے ہیں تاہم میگزین نے ان پر ایک نیا الزام عائد کر دیا ہے اور کہا کہ یہ مقدمہ صرف اس لئے قائم کیا گیا تھا کیونکہ لیونارڈو نسل پرست ہیں۔ فلم ٹائی ٹینک سے شہرت پانے والے اداکار نے فرانسیسی میگزین اووپس کیخلاف مقدمہ قائم کیا تھا کہ ان کے بارے میں جھوٹی کہانی کی اشاعت سے ان کی شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، اس لئے فرانسیسی قانون جس قدر زیادہ سے زیادہ ہرجانہ ادا کرنے کی اجازت دیتا ہے، میگزین ادا کرے، نیز ان کے وکلا کی فیس بھی ادا کرے۔
میگزین نے اپنی سٹوری میں دعوی کیا تھا کہ معروف سلیبریٹی ریہانہ، لیورنارڈو کے بچے کی ماں بننے والی ہیں اور لیونارڈو یہ بچہ نہیں چاہتے ہیں۔ عدالت نے جھوٹا الزام لگانے اور دونوں کی نجی زندگی میں مداخلت کے الزام میں فیصلہ سنایا۔ جون میں قائم ہونے والے اس مقدمے کے فیصلے کی رو سے لیونارڈو نو ہزار امریکی ڈالرز کے حقدار بنے ہیں۔ دلچسپ خبر یہ ہے کہ اب میگزین کے مالک کا کہنا ہے کہ لیونارڈو ایک نسل پرست شخص ہیں، اسی لئے انہوں نے یہ مقدمہ کیا۔ حقیقت میں لیونارڈو ہمیشہ ہی آرین ٹائپ لڑکیوں کے ساتھ وقت گزاری کرتے ہیں۔