برلن: جرمن فٹ بال کلب بایرن میونخ کے کھلاڑی رابرٹ لیون ڈاؤسکی کا نام بنڈس لیگا کے ایک میچ میں وولفسبرگ کے خلاف نومنٹ میں برق رفتار پانچ گول کرنے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڑ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
پولیند سے تعلق رکھنے والے لیون ڈاؤسکی بنڈس لیگا کے 2013-14 سیزن میں بروشیا ڈورٹمنڈ کی جانب بہترین کارکردگی دکھا کر عالمی منظرنامے پر ابھر کر سامنے آگئے تھے۔
لیون ڈاؤسکی نے بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے ابتدائی مراحل میں ستمبر میں اپنی ٹیم بائرن میونخ کی جانب سے وولفسبرگ کے خلاف متبادل کھلاڑی کے طور پر8 منٹ اور 59 سیکنڈ میں مسلسل پانچ گول کئے تھے تاہم گزشتہ روز انھیں گنیز ورلڈ ریکارڑ کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کے دوران چار الگ الگ سرٹیفیکیٹ دیے گئے۔
ایوارڑ حاصل کرنے کے بعد رابرٹ لیون ڈاؤسکی نے ٹویٹر پر اپنی تصاویر جاری کردی اور خوشی کا اظہار کیا۔
27 سالہ لیوان ڈاؤسکی نے اپنی شاندار کارکردگی کے دوران بنڈس لیگا میں 3 منٹ اور 22 سیکنڈ میں تیز ترین ہیٹ ٹرک، 5 منٹ اور 42 سیکنڈ میں تیز ترین چار گول، 8 منٹ اور 59 سیکنڈ میں تیز ترین 5 گول اور متبادل کھلاڑی کے طور سب سے زیادہ 5 گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
لیوان ڈاؤسکی نے تیز ترین ہیٹ ٹرک کا ریکارڈ بھی توڑا جو ڈویسبرگ کے سابق کھلاڑی مائیکل ٹونیز نے 1991 میں 6 منٹ میں ہیٹ ٹرک کر کے بنایا تھا۔
ان کے منیجر پیپ گوارڈیولا کا اس کارکردگی پر کہنا تھا کہ”میں واقعی میں نہیں سمجھ سکتا، پانچ گول، نہ تو کوچ اور نہ ہی کھلاڑی کے طور پر مجھے اس طرح کا تجربہ کبھی ہوا اور اسے میں بیان نہیں کرسکتا”۔