ایڈیلیڈ۔(152 رن پر سات وکٹ) کی خطرناک گیند بازی کے سامنے ہندستان کے کارگزار کپتان وراٹ کوہلی کی دلیرانہ 141 رنوں کی اننگ پھیکی پڑ گئی اور میزبان آسٹریلیا نے پہلا ٹسٹ 48 رن سے اپنے نام کرلیا۔آسٹریلیا نے میچ کے پانچویں اور آخری دن آج اپنی اننگ کل کے 69 اوور میں پانچ وکٹ اور 290 رن پر ختم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد دوسری اننگ کھیلنے اتری ہندستانی ٹیم 364 رنوں کے ہدف کے سامنے 1ء87 اوور میں 315 رن بناکر آؤٹ ہوگئی اور ساتھ ہی میچ بھی گنوادیا۔حالانکہ آسٹریلیا کی شاندار کارکردگی اور سبقت کے باوجود ہندستانی بلے باز وں نے ہمت کا مظاہرہ کیا اور وراٹ نے مسلسل دوسری اننگ میں سنچری لگائی جبکہ اوپنر مرلی وجے نے کپتان کا اچھا ساتھ دیکر 99 رنوں کی مثالی اننگ کھیل کر اسکور 300 کے پار پہنچایا لیکن بالاخر آسٹریلیائی اسپنر لیون ہندستان کے ہاتھ سے میچ چھیننے میں کامیاب رہے۔لیون نے ہندستان کی دوسری اننگز میں 1ء34 اوور میں 152 رن دیکر سات وکٹ لئے اور میچ میں شروع سے لیکر آخر تک بلے بازوں کو پریشان کیا اور تقریباً ہندستان کی پوری ٹیم کو آؤٹ کردیا۔ لیون نے مرلی، چتیشورپجارا، واراٹ کوہلی ، اجنکیا رہانے ، روہت شرما ، ساہا اور ایشانت شرما کو آؤٹ کیا۔ایک طرف سے ہندستانی بلے باز وں کے گرتے ہوئے وکٹ کے بیچ وراٹ کوہلی اور مرلی نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسرے وکٹ کیلئے 185 رنوں کی شاندار شراکت نبھائی۔ وراٹ نے میچ میں مسلسل دوسری سنچری لگاتے ہوئے 175 گیندوں پر 16 چوکے او ر ایک چھکا لگایا۔ اس کے علاوہ مرلی نے 234 گیندوں پر 10 چوکے اور دو چھکے لگائے۔ایک وقت میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرچکی ہندستانی ٹیم نے آخری سیشن میں شرمناک کارکردگی پیش کی اور بلے بازی کا نچلا آرڈر تاش کے پتوں کی طرح بکھر گیا۔ ہندستان کی آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹسٹ میں یہ مسلسل 12 شکست ہے۔میچ کے آخری دن ٹیم کے بیشتر بلے باز دباؤ میں نظر آئے اور سات بلے باز دہائی کے ہند سے کو بھی نہیں چھوسکے۔ اس سے قبل ہندستان نے صبح کے سیشن میں شکھر دھون (9) اور پھر چتیشور پجارا (21) کا وکٹ کھودیا۔ لیکن تب بھی ہندستان کی حالت مستحکم تھی کیونکہ مرلی اور وراٹ میدان پر تھے اور دونوں چائے تک اسکور کو دو وکٹ پر 205 تک لے گئے۔ ہندستان کے پاس ابھی آٹھ وکٹ تھے اور اسے میچ کے باقی کھیل میں 159 رنوں کی ضرورت تھی۔ ایک وقت آسٹریلیا کے ہاتھوں سے میچ نکلتا نظر آرہا تھا لیکن پھر لیون نے مرلی کو سنچری سے ٹھیک ایک رن پہلے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ مرلی ہندستان کے 242 کے اسکور پر تیسرے وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئے۔ حالانکہ وکٹ کے دوسرے اینڈ پر ڈٹے وراٹ کوہلی کو دیگر بلے بازوں کا ساتھ نہیں ملا اور اس اسکور پر اجنکیا رہانے چوتھا شکار بن گئے۔رہانے کھاتہ بھی نہیں کھول سکے تھے کہ لیون نے کرس روجرس کے ہاتھوں انہیں کیچ کرادیا۔ ہندستان کو پانچواں جھٹکا روہت شرما کی شکل میں لگا جو صرف 6 رن بناکر لیون کی ہی گیند پر ڈیوڈ وارنر کو کیچ دے بیٹھے۔ہندستان کیلئے خطرہ بنے لیون نے دہلی میں کھیلے گئے چوتھے ٹسٹ سمیت 13۔2012 میں آسٹریلیا کی طرف سے لیے گئے آخری 34 ہندستانی وکٹوں میں سے تنہا 21 وکٹ اپنے نام کئے ہیں۔روہت کا وکٹ گرنے کے بعد ہندستان اپنے اسکور میں مزید 22 رن ہی جوڑ سکا تھا کہ ردھی مانا ساہا 299 کے اسکور پر ہندستان کے چھٹے وکٹ کے طور پرآؤٹ ہوئے۔ساہا کا وکٹ بھی اسپنر لیون نے اپنے نام کیا۔ لیون نے ساہا کو 13 کے اسکور پر بولڈ کیا۔ ہندستانی بلے باز نے 10 گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ ہندستان کیلئے سب سے مہنگا وکٹ واراٹ کا رہا جو کافی حد تک میچ کو جیت کے قریب لے گئے۔ وراٹ 81 ویں اوور میں لیون کی گیند پر مشیل مارش کو کیچ دے بیٹھے۔وراٹ نے میچ کی دوسری اننگز میں ایک بار پھر سنچری لگائی۔ پہلی اننگ میں وراٹ نے 115 رن بنائے تھے جبکہ دوسری اننگ میں انہوں نے 141 رن بنائے۔ اسی اننگ کی بدولت وراٹ ٹسٹ میچ کی چوتھی اننگ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے آج آسٹریلیا کے ہاتھوں پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں 48 رن کی شکست کے بعد تسلیم کیا کہ مرلی وجے کا آؤٹ ہونا میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ کوہلی سے جب پوچھا گیا کہ 99 رن کے ذاتی اسکور پر وجے کا آؤٹ ہونا کیا ٹرننگ پوائنٹ ہو سکتا ہے تو انہوں نے کہاایسا ہو سکتا ہے۔ اگر میں اور وجے تقریبا 40 رن اور جوڑ لیتے تو سب کچھ مختلف ہوتا۔ آپ نے دیکھا کہ ایک موقع کا ٹیم نے کیسے فائدہ اٹھایا۔ اور آسٹریلیا نے یہی کیا۔ کوہلی نے اپنے آؤٹ ہونے کے تناظر میں کہااسکوائر کے سامنے مارنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن یہ ایسی غلطی ہے جس کو دیکھنے کے بعد میں کہہ سکتا ہوں کہ اگر کوئی اور شاٹ کھیل سکتا تھا۔ ناتھن لیون کا اسپیل شاندار تھا اور اس نے صحیح علاقوں میں گیند بازی کی۔ہندوستانی کپتان نے کہا کہ انہوں نے ٹیسٹ میچ جیتنے کی کوشش کی اور انہیں کوئی ملال نہیں ہے۔انہوں نے کہامیں نے کل شام آپ سے کہا تھا کہ ہدف چاہے جو بھی ہو ہم اسے حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اگر آپ کو ملک کی جانب سے کھیلنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے تو آپ کو جذبے اور عزم کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔کوہلی نے اس دوران بلے باز فلپ کی موت کے صدمے کے درمیان ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔انہوں نے کہامیں آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں۔ گزشتہ 10 دن میں جو ہوا اس کے باوجود یہاں کھیلنا بہترین ہے۔ وہ ایسی ٹیم ہے جو جذبے اور عزم کے ساتھ کھیلتی ہے۔ کوہلی نے میچ کے بعد سابق ہندوستانی کپتان راہل ڈراور سے ٹیلی ویژن شو کے دوران کہا کہ وہ روہت شرما کے آؤٹ ہونے کے بعد بھی ہدف کا تعاقب کرنا چاہتے تھے۔ ہندوستانی کپتان نے کہامیں کافی حد تک ایک ہی سمت میں سوچنے والوں میں سے ہوں۔