لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ سروجنی نگر علاقہ میں مسلح بدمعاشوں نے ایک لیکھ پال کے گھر میں گھس کر لوٹ مار کی واردات کو انجام دیا۔ بدمعاشوںنے لیکھ پال اور اس کے پورے کنبہ کو بندوق کی نوک پر یر غمال بنا لیا۔ بدمعاش لیکھ پاک کے گھر سے چالیس ہزار روپئے نقد، پانچ لاکھ کے زیورات اور ایک لائسنسی رائفل لوٹ لے گئے۔ پولیس نے اس معاملہ میں رپورٹ درج کر لی ہے۔
سروجنی نگر کے وشنو لوک کالونی میں بہسا گاؤں کے لیکھ پال آنند تیواری اپنی اہلیہ اچنا تیواری، بیٹے آیوش اور بیٹی پرتشٹھا کے ساتھ رہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعرات کی شب چار مسلح بدمعاش ان کے گھر کی باؤنڈری وال کود کراندر گھس گئے۔ اس کے بعد بدمعاشوںنے گھر کا دروازہ توڑ اا ور اندر داخل ہو گئے۔ ایک کمرے میں لیکھ پال اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ساتھ سو رہے تھے جبکہ دوسرے کمرے میں ان کا بیٹاآیوش سو رہا تھا۔ بدمعاشوں کی آہٹ پاکر کنبہ کے لوگ بیدارہو گئے۔ کنبہ کے لوگوں کو بیدار دیکھ کر بدمعاشوں نے سب کو بندوق کی نوک پر یرغمال بنا لیا اور گولی مارنے کی دھمکی دی اس کے بعد بدمعاش آیوش کے کمرے میں پہنچے اور وہاں رکھی الماری توڑنے کی کوشش کی لیکن الماری نہیں ٹوٹ سکی۔ اس کے بعد بدمعاش لیکھ پال کی
اہلیہ کو لیکر آیوش کے کمرے میںپہنچے اور الماری کھلوائی جس کے بعد بدمعاشوں نے الماری میں رکھی نقدی اور زیورات لوٹ لئے۔ بدمعاشوں نے لیکھ پال کے بیٹے آیوش سے اسلحہ کے بارے میں پوچھا تو اس نے بتایا کہ اسلحہ کی اطلاع اس کے والد کو ہے۔اس کے بعد بدمعاشوں نے لیکھ پال سے اسلحہ کے بارے میں پوچھاتو لیکھ پال نے بتایا کہ ان کے پاس لائسنسی رائفل ہے۔ بدمعاشوں نے لیکھ پال کی لائسنسی بندوق بھی چھین لی۔ آخر میں بدمعاشوںنے پورے کنبہ کو ایک ہی کمرے میں بند کر دیا اور موبائل فون لیکر فرار ہوگئے۔ بدمعاشوں کے بھاگنے کے بعد لیکھ پال نے اپنی بیٹی کے موبائل فون سے پولیس کنٹرول روم کو واردات کی اطلاع دی۔
لیکھ پال کے گھر لوٹ مار کی اطلاع پاکر موقع پر سروجنی نگر پولیس بھی پہنچ گئی۔ پولیس نے بدمعاشوں کو ادھر اُدھر تلاش کیا لیکن کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ لیکھ پال آنند رتیواری کے گھر ہوئی لوٹ مار کے معاملہ میں پولیس نے لیکھ پال کی تحریر پر چوری کی رپورٹ درج کی ہے۔ لیکھ پال نے پولیس کو تحریر میں لکھ کر دیا ہے کہ چار چور اس کے گھر میں گھسے اور پورے کنبہ کو یرغمال بناکر نقد روپئے، زیورات اور رائفل لوٹ لے گئے۔ پولیس نے لیکھ پال کی تحریر کو بنیاد بناتے ہوئے لوٹ کی اس واردات کو چوری کی معمولی دفعات میں درج کر لیاہے۔ پولیس نے اس بات کی زحمت نہیں اٹھائی کہ اس معاملہ میں لیکھ پال کو تحریر لکھنے کی صحیح اطلاع دے کر لوٹ کی دفعات کے تحت رپورٹ درج کی جائے ۔