ملبورن۔ چینی اسٹار نے تیسری مرتبہ خود کو خوش قسمت ثابت کرتے ہوئے آج یہاں راڈلیور ایرنا میں منعقدہ آسٹریلین اوپن 2014 ء کے فائنل میں سلواکیہ کی ٹینس اسٹار ڈومینکا سیبولکوا کو راست سیٹوں میں 7-6(3) ، 6-0 سے شکست دیکر پہلی مرتبہ یہاں خطاب حاصل کرلیا ہے ۔ لی جو کہ آئندہ ماہ 32 ویں سالگرہ منائیں گی انھیں 2011 ء کے فائنل میں کم کلائسٹرس اور 2013 ء میں وکٹوریہ ایزرینکا کے خلاف خطابی مقابلوں میں شکست برداشت کرنی پڑی تھی تاہم انھوں نے 2011 میں فرنچ اوپن خطاب حاصل کرتے ہوئے گرانڈ سلام خطاب حاصل کرنے والی پہلی چینی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔ گزشتہ 2 مرتبہ ملبورن پارک میں حالانکہ لی نے فائنل میں پہلا سیٹ اپنے نام کرلیا تھا تاہم اس کے بعد 2سٹوں میں انھیں شکست برداشت کرنی پڑی تھی جبکہ آج بھی وہ ڈومینکا کے خلاف پہلا سٹ ٹائی بریکر کے بعد اپنے نام کیا لیکن اس مرتبہ انھوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو دوسرے سٹ میں ایک بھی گیم جیتنے کا موقع فراہم نہیں کیا حالانکہ فائنل میں رسائی سے قبل چھوٹے قد کی ڈومینکا نے ماریا شاراپوا اور سیمی فائنل میں اگنیزکا راڈوانسکا کو شکست دی ہے اور فائنل میں رسائی حاصل کرنے والی وہ پہلی سلواکیائی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا ۔ فائنل کے آغاز میں دونوں ہی کھلاڑیوں نے شاندار ، جارحانہ اور مسابقتی کھیل کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے پہلا سٹ 70 منٹ طویل رہا ۔