سنگا پور۔ویمنز ٹینس رینکنگ میں چینی پلیئرز لی نا اور پینگ شوئی نے نئی بلندیوں کو چھوکر ایشین ریکارڈ قائم کر دیا، آسٹریلین اوپن چمپئن لینا ایک درجے ترقی ملنے پر دنیا کی دوسری بہترین سنگلز پلیئر بن گئیں، ہموطن پینگ شوئی نے ڈبلز میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔ انھیں 2 درجے ترقی نے یہ درجہ دلا دیا۔ مینز میں رافیل نڈال، جوکووچ اور واورنیکا نے ٹاپ تھری پوزیشنز سنبھال رکھی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو جاری
شدہ نئی ویمنز ٹینس سنگلز رینکنگ میں چینی سپراسٹار لینا نے ایک درجے ترقی ملنے پر دنیا کی دوسری بہترین کھلاڑی کا اعزاز پا لیا، رواں ماہ کے اواخر میں 32 برس کی ہونے والی لینا نے گذشتہ برس ورلڈ نمبر3 بن کر بلند درجے کی حامل ایشین پلیئر کا اعزاز پایا تھا، اب مزید ترقی ملنے پر انھوں نے ریکارڈ کو بہترکر لیا، ان کے مجموعی پوائنٹس 6690 ہوگئے، البتہ ٹاپ رینک سرینا (12380 پوائنٹس) کے ساتھ خاصا فاصلہ ہے، دونوں چینی پلیئرز لینا اور شوئی کی حالیہ رینکنگ میں بہتری پر ویمنز ٹینس ایسوسی ایشن کی چیف اسٹیسی الیسٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ کیریئر کے دوران عمدہ کھیل پیش کرنے والی دونوں کھلاڑیوں نے چینی ٹینس میں نئی بلندیاں قائم کی ہیں، بلاشبہ یہ کھیل کی بہترین سفیر ہیں۔ پولش کھلاڑی اگنیسکا ریڈوانسکا بھی ایک درجے آگے بڑھ کر تیسرے نمبر پر فائز ہوگئیں۔ ان دونوں پلیئرز کی ترقی کا سبب بننے والی وکٹوریا ایذرنیکا 2 درجے تنزلی سے چوتھے نمبر پر چلی گئیں۔ سوچی گیمز میں روسی سفیر کی ذمہ داریاں نبھانے والی ماریا شراپووا بدستور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
ورلڈ ٹی ٹوینٹی کیلئے افریقی ٹیم کا اعلان
جوہانسبرگ ۔کرکٹ جنوبی افریقہ کے سلیکشن پینل آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے 15 رکنی جنوبی افریقی ٹیم کا اعلان کر دیا۔آل راؤنڈر ایلبی مورکل کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، فاسٹ بولر بیوران ہینڈرکس کوپہلی بار اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا اعلان کردہ اسکواڈ میں فیف ڈوپلیسی (کپتان)،ہاشم محمودآملہ ، فرحان بہار دین ،کیونٹن ڈی کوک،اے بی ڈی ویلرس(وکٹ کیپر)،جے پی ڈومنی ، بیوران ہینڈرکس،عمران طاہر،ڈیوڈ ملر،ایلبی مورکل، مورنے مورکل،وائن پارنیل،ایرون فین گیسو،ڈیل سٹین اور لونوابو ٹسوبے شامل ہیں۔