جموئی:ممنوعہ تنظیم ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی (ماؤنواز) کے انتہاپسند وں نے اپنے ساتھی کے مبینہ قتل کے خلاف احتجاج میں شمالی بہار کے دو روزہ بند کے اعلان کے دوسرے دن آج ضلع جموئی کے خیر ا تھانہ علاقے میں بھارت سنچار نگم لمیٹیڈ (بی ایس این ایل) کے ایک موبائل ٹاور میں آگ لگادی اور پوسٹر چسپاں کرکے پولیس و انتظامیہ کو وارننگ دی۔
پولیس کے ذرائع نے یہاں بتایا کہ خیراتھانہ علاقے کے مڑھ برو گاؤں میں آج علی الصبح 20 سے 25 کی تعداد میں آئے ماؤنواز انتہاپسندوں نے بی ایس این ایل کے ٹاور میں آگ لگادی اور سولر سسٹم کو توڑ کر تباہ کردیا۔ واردات کو انجام دینے کے بعد ماؤنواز نعرے بازی کرتے ہوئے فرار ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا کہ دوسری طرف لکشمی پور تھانہ علاقے کے دگھی گاؤں میں ماؤنوازوں نے پوسٹر چسپاں کرکے پولیس اور انتظامیہ کو دھمکی دی ہے ۔ پولیس کے مطابق برآمد پرچوں میں ماؤنوازوں کی طرف سے لکھا گیا ہے کہ پولیس انتظامیہ ہوش میں آؤ ، غریبوں کا علاج صحیح طریقے سے کرو اور عوامی نظام تقسیم کے صارفین اس کے ساتھ ہی اساتذہ کو بھی وارننگ دی گئی ہے ۔ پولیس معاملے کی چھان بین کررہی ہے ۔