سین فرانسسکو (وارتا) اطلاعاتی ٹکنالوجی کے میدان کی معروف کمپنی مائیکروسافٹ نے الٹرانک آلات بنانے والی جنوبی کوریائی کمپنی سیمسنگ کے خلاف پیٹنٹ سمجھوتے کی خلاف ورزی کے الزام کا مقدمہ درج کیا ہے۔ مائیکروسافٹ نے امریکہ میں نیویارک کی جنوبی ضلع عدالت میں دائر مقدمے میں کہا ہے کہ اس کے ذریعہ نوکیا کی تحویل کے بعد سے سیمسنگ نے پیٹنٹ سمجھوتے کے ضابطوں پر عمل کرنا بند کردیا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں کمپنیوں کے درمیان ۲۰۱۱ میں ایک پیٹنٹ سمجھوتا ہواتھا جس کے تحت سیمسنگ کو اس کے اینڈ رائڈ اسمارٹ فون میں استعمال ہونے والی مائیکروسافٹ کی تکنیک کے لئے اس سے ہر ایک فون کی فروخت کے حساب سے کچھ رقم کی ادائیگی کرناہوتی ہے۔ مائیکروسافٹ کے ڈپٹی جنرل کونسل ڈیوڈہوارڈ نے اپنے بلاگ پر لکھا ہے کہ ستمبر ۲۰۱۳ میں نوکیا ڈوائسس اینڈ سروسز کے
کاروبار کی تحویل کے بعد سے سیمسنگ نے اسے غلط کہہ کر سمجھوتے کی خلاف ورزی شروع کردی۔
انھوں نے کہا دونوں کمپنیوں کے درمیان کافی عرصے سے شراکت ہے۔مائیکروسافٹ اپنی شراکت کا لحاظ کرتی ہے اور سیمنسگ سے بھی اسی طرح کی امید رکھتی ہے۔ ہم نے عدالت سے اس باہمی تنازع کو حل کرانے کی اپیل کی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ سیمسنگ سمجھوتے کے ضابطوں پر پھر سے عمل کرنا شروع کرے گی۔