ممبئی(ایجنسی)مراٹھی خاندان سے تعلق رکھنے والی اداکارہ مادھوری ڈکشت نے کہا کہ مراٹھی فلمیں بھی بالی ووڈ کی طرح ہی آگے بڑھ رہی ہیں ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ‘ میں نے حالیہ مراٹھی فلمز نہیں دیکھی ہیں ، لیکن ہاں میں نے نٹرنگ ( ۲۰۱۰ ) اور جوگوا (۲۰۰۹ ) دیکھی ہیں ۔ وہ جس طرح کی فلمیں بنا رہے ہیں میں اس سے متاثر ہوئی تھی۔انہوں نے کہا ، ” مراٹھی فلم صنعت نے کچھ سالوں میں ترقی کی ہے ۔ جہاں تک مراٹھی فلموں کا تعلق ہے تو میں نے ابھی اس بارے میں نہیں سوچا ۔ اپنے رقص سے لوگوں کے دلوں کو جیتنے والی مادھوری سے ابھی تک کسی مراٹھی فلم ساز نے رابطہ نہیں کیا ہے ۔ امیتابھ بچن ، رتیش دیش مکھ اور اکشے کمار جیسے ہندی فلموں کے مشہور ستارے علاقائی فلم صنعت کیلئے فلمیں بنا چکے ہیں ۔وہیں دوسری جانب مادھوری دکشت کا نیا چہرہ جلد ہی اب سب کے سامنے ہوگا ۔ وہ ایک ٹیچر کے کردار میں نظرآئیں گی۔اداکارہ مادھوری ڈکشت اپنی اگلی فلم ‘ گلاب گینگ میں خواتین خود مختاری اور انصاف کی لڑائی کے بارے میں بات کرتی نظر آئیں گی ۔ مادھوری ہندوستان میں خواتین کو خواندہ بنانے کا منصوبہ بھی بنا رہی ہیں ۔ مادھوری نے کہا ” ہاں ، ہمارے پاس منصوبے ہیں ، لیکن ہم نے ابھی شروع نہیں کیا ہے ۔ میں اس کے لئے انتظار کر رہی ہوں ۔ جب ہم یہ شروع کریں گے تو بتائیں گے ۔ اپنی آن لائن ڈانس اکیڈمی میں میں کچھ چیزیں پہلے سے شروع کر چکی ہوں ۔ مادھوری گلاب گینگ میں رججو کا کردار ادا کر رہی ہیںجو سماج کی غلط چیزوں کو صحیح کرنا چاہتی ہے ۔۴۶ سالہ مادھوری نے کہا ، ” اس فلم میں وہ جنگجوہے اور اس کا ماننا ہے کہ خواتین کو تعلیم یافتہ ہونا چاہئے ۔ مردوں کو خواتین کا احترام کرنے کی تعلیم ملنی چاہئے ۔ ان پڑھ اور ناخواندہ ہونے کی وجہ سے بہت بار وہ خواتین کو ایک شئے کی طرح دیکھتے ہیں ۔ سومک سین کی ہدایت میں بنی فلم میں جوہی چاولہ بھی اہم کردار میں نظر آئیں گی ۔