یہ فلم میری زندگی پر مبنی ہے لیکن مجھ سے بات تک نہیں کی گئی. مادھوری ڈکشت اور جوہی چاولہ کی نئی فلم گلاب گینگ کی ریلیز جیسے جیسے نزدیک آ رہی ہے لگتا ہے ان کے لیے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں۔
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے بندیل کھنڈ علاقے میں خواتین کا گلابی گینگ بنانے والی سمپت پال نے کہا ہے کہ وہ اپنے گینگ پر بنائی جانے والی فلم ریلیز نہیں ہونے دیں گی۔ فلم میں مادھوری ڈکشیت اور جوہی چاولہ اہم کرداروں میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔ سمپت پال کا کہنا ہے کہ وہ اس فلم کے سینیما گھروں میں ریلیز ہونے سے پہلے ہی بھوک ہڑتال پر بیٹھ جائیں گی۔
گلابی گینگ کی طرز پر بنائی جانے والی دستاویزی فلم کی عکس بندی کے بعد سمپت مادھوری ڈکشت پر غصہ نکالتی نظر آئیں۔
انھوں نے میڈیا سے کہا کہ ’پروڈیوسر انوبھو سنہا کیا فلم بنائیں گی کیا وہ کبھی مجھ سے ملنے آئی ہیں، کیا کبھی انھوں نے ہمیں دیکھا ہے۔ وہ بغیر ہماری اجازت کے ہم پر فلم بنا رہی ہیں۔‘ انھوں نے کہا کہ انوبھو سنہا اپنی فلم کا خواب بھول جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلم 7 مارچ کو ریلیز ہوگی اور وہ اس سے پہلے 2 مارچ سے انا کی طرح بھوک ہڑتال شروع کر دیں گی تب سمجھ میں آ جائے گا کہ عورتوں کی طاقت کیا ہوتی ہے۔‘
اگرچہ گلاب گینگ کے ڈائریکٹر سومك سین نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ’فلم بالکل غیر حقیقی ہے اس میں تو ساڑھیوں کا رنگ بھی گلابی نہیں ہے ایسی کوئی بھی بات کہنے سے پہلے انہیں فلم دیکھنی چاہئے تھی۔‘
حال ہی میں مادھوری ڈکشت نے بھی کہا ہے کہ ’گلاب گینگ‘ فلم کی کہانی اور گلابی گینگ میں کوئی مماثلت نہیں ہے۔
مادھوری سے خفا
جوہی چاولہ اور مادھوری دکشیت
یہ فلم جوہی چاولہ اور مادھوری دکشیت کے ایک ساتھ فلم کرنے کی وجہ سے بھی خبروں میں ہے
سمپت پال خاص طور پر مادھوری ڈکشت سے خاصی ناراض دکھائی دیں۔ وہ کہتی ہیں، ’یہ ملک تماشے میں چل رہا ہے. ہم نے اپنی زندگی قربان کر دی اور مادھوری ڈکشت نے ایک بار میں ہی کہہ دیا کہ خواتین با اختیار ہیں۔ یہ کیا تماشہ ہے۔‘
سمپت نے فلمسازوں کی جانب سے خواتین کی درست عکاسی نہ کرنے کے لیے کارروائی کرنے کی وارننگ بھی دی ہے۔
مقدمہ
سمپت پال نے کہا کہ یہ فلم ان کی زندگی پر مبنی ہے لیکن ان سے بات تک نہیں کی گئی ہے اس لیے فلم سے وابستہ لوگوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔
سمپت کے مطابق ’ہائی کورٹ میں مقدمہ کر دیا گیا ہے جس میں ان سب کو فریق بنایا گیا ہے۔‘ سمپت کا کہنا ہے کہ فلم کے لیے اُن سے اجازت لی جائے نہیں تو فلم ریلیز نہیں ہونے دی جائے گی۔‘
سمپت فلم میں کچھ تبدیلیوں کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلم کی اجازت تبھی دی جائے گی جب کردار کا نام رجّو سے بدل کر سمپت کیا جائے گا اور فلم کا نام گلاب سے بدل کر گلابی کیا جائے۔
مخالفت کا انتباہ
سمپت پال نے کھل کر اپنی مخالفت ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فلم نازیبا فلمیں بناتے ہیں اور یہ اب زیادہ دن برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلمساز جس طرح کی گندی فلمیں بناتے ہیں ہم اس کی مخالفت کریں گے۔
ہدایت کار سومك سین گلاب گینگ کے ساتھ ہندی فلم انڈسٹری میں قدم رکھ رہے ہیں اس فلم کا ذکر مادھوری ڈکشت اور جوہی چاولہ کے ایک ساتھ سکرین پر آنے کی وجہ سے بھی ہو رہا ہے۔