اگر تو آپ فیس بک صارف ہیں تو یقین کریں مستقبل قریب میں آپ اپنے پیغامات اور پوسٹس ویب سائٹ کے ذریعے نہیں بلکہ ٹیلی پیتھی (دماغی خیالات) کے ذریعے ارسال کریں گے۔
جی ہاں واقعی اور ایسا دعویٰ کیا ہے کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے جن کے بقول ٹیکنالوجی جلد اتنی جدید یا ایڈوانس ہوجائے گی کہ لوگ اپنے خیالات تک دوستوں کو بھیج سکیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ جلدی ایسی کمیونیکشن ٹیکنالوجی تیار کرلی جائے گی جس کی مدد سے لوگ اپنے خیالات براہ راست ایک دوسرے کو بھیج سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا ” میرا ماننا ہے کہ ایک دن ہم اپنے خیالات ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے براہ راست ایک دوسرے کو بھیجیں گے، بس آپ کو کسی چیز کے بارے میں سوچنا ہوگا اور آپ کے دوست تک وہ خیال فوری طور پر پہنچ جائے گا”۔
انہوں نے یہ بات فیس بک پر صارفین سے سوال جواب کے ایک سیشن کے دوران کہی۔
ایک صارف کی جانب سے جب پوچھا گیا کہ فیس بک کس جانب بڑھ رہی ہے تو مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ یہ ویب سائٹ لوگوں کے درمیان معلومات شیئر کرنے میں مدد فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے خاص طور پر ویڈیوز کے ذریعے۔