لکھنؤ: ملیح آباد کے لالپور گاؤں میں فریقین میں کھیت میں بھینس جانے کی وجہ سے مار پیٹ ہو گئی جس میں چار خواتین سمیت ۸ لوگ زخمی ہوئے ہیں ۔تمام زخمیوں کو علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے فریقین کی طرف سے رپورٹ درج کر لی ہے۔ ملیح آباد کے لال پور کے مزرعہ ٹانڈ کھیڑا کے عنبر کی بھینس دو شنبہ کو گاؤں کے ہی ہری شنکر کے کھیت میں چلی گئی تھی۔ ہری شنکر کے گھر والوں نے بھینس کی بری طرح سے پٹائی کی جس سے اس کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔ منگل کو جب عنبر صبح ۸ بجے ہری شنکر کے گھر شکایت کرنے گیا تو ہری شنکر کے بھائی رام پرتاپ، رام نریش، للن اور جاگیندر نے اس کی پٹائی کر دی۔ عنبر کو بچانے کیلئے جب اس کا بیٹا جتیندر ، بیٹی سیتا اور بیوی پریم وتی آئیں تو ان کو بھی دوڑا دوڑاکر مارا پیٹا۔ دوسری طرف ہری شنکر کا کہنا ہے کہ عنبر ، رام سنگھ، جتیندر اور ملکھان لاٹھی ڈنڈوں سے لیس ہوکر اس کے گھر پہنچے اور گھر میں گھس کر پٹائی کرنے لگے۔ جب بچانے کیلئے اس کی بیوی رگھورائی، ماں کلاوتی اور بھتیجا مونو آیا تو اس کی بھی پٹائی کر دی۔