ماسکو: ماسکو کے رہائشی پہلے ہی ہوٹلوں اور میٹرو سسٹم میں مفت وائی فائی انٹرنیٹ سے لطف اندوز ہو رہے ہیں لیکن اب شہری انتظامیہ نے ایک اور عجیب و غریب مقام (تاریخی اور بڑےقبرستانوں) میں یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یہ مفت سروس Vagankovo, Troyekurovo and Novodevichy قبرستانوں میں فراہم ہوگی جہاں، ملک کی کئی مشہور شخصیات مثلاً مصنف انٹون شیکوو، سویت رہنما نکیتا خروشیو اور روس کے پہلے صدر بورس یلسن دفن ہیں۔
ماسکو میں قبرستانوں کا انتظام سنبھالنے والی سروس ’ریچوئل‘ کے ترجمان نے بتایا کہ یہ قبرستان اوپن ایئر عجائب گھروں جیسے ہیں۔ ’یہاں آنے والے اکثر لوگ قبر کے سامنے کھڑے ہو کر یہ جاننا چاہتےہیں کہ اس میں کون دفن ہے‘۔
منتخب قبرستانوں میں مفت سروس کامیاب ہونے کی صورت میں اسے شہر کے تمام 133 قبرستانوں تک پھیلا دیا جائے گا۔
ماسکو شہر کی ویب سائٹ کے مطابق ہر سال شہر کے قبرستانوں میں تقریباً ایک لاکھ بیس ہزار لوگوں کو دفن کیا جاتا ہے اور یہاں تقریباً اسی لاکھ قبریں ہیں۔
خیال رہے کہ Novodevichy اور Vagankovo قبرستانوں میں سیاحوں کو مشہور شخصیات کی قبریں ڈھونڈنے میں مدد فراہم کرنے کیلئے پہلے ہی جی پی ایس سروس موجود ہے۔
ماسکو نے اکتوبر میں قبرستانوں کے پلاٹ فروخت کرنے کیلئے آن لائن سروس بھی شروع کی تھی۔