دھماکے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں
مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین اپنی کشتی میں ہونے والے دھماکے میں بال بال بچ گئے ہیں تاہم ان کی اہلیہ سمیت تین افراد اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صدر یامین حج کی ادائیگی کے بعد سعودی عرب سے واپسی پر مالے کے قریب ایک جزیرے پر واقع ہوائی اڈے سے دارالحکومت جا رہے تھے۔
صدر یامین اس واقعے میں محفوظ رہے ہیں تاہم ان کی کابینہ کے وزیر محمد شریف نے بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خاتون اوّل فاطمہ ابراہیم اور دیگر دو افراد زخمی ہوئے ہیں۔
محمد شریف نے بی بی سی کو بتایا کہ دھماکے کی آواز ’کئی سو فٹ دور‘ تک سنی گئی۔
خاتون اوّل کے علاوہ صدر یامین کی حفاظت پر مامور ایک اہلکار اور محمد شریف کے عملے کا ایک رکن اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔
خاتون اوّل فاطمہ ابراہیم سمیت زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا
دھماکے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔
محمد شریف کا کہنا تھا کہ ’مقامی سطح پر تفتیش جا ری ہے لیکن ابھی ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ کیا یہ ایک حادثہ تھا یا پھر صدر کی زندگی پر جان بوجھ کرحملہ کیا گیا تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’(پولیس کی جانب سے) ابھی کسی بھی امکان کو مسترد نہیں کیا گیا ہے۔‘