کانپور(نامہ نگار)۔ بیماری اور مالی تنگ دستی سے پریشان تین افراد نے خود کشی کرلی۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بابو پوروا کے اجیت گنج علاقہ میں بیماری اورعلاج کیلئے پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے ایک پھل فروش نے خود کشی کرلی۔ منا لال ورما پھل ٹھیلے پرپھلوں کو فروخت کرتاتھا۔ گذشتہ چار برسوںسے وہ دمہ کے مرض سے متاثر تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ وہ بیماری پرہونے والے اخراجات سے پریشان تھا۔ اس کی دوبیٹیاں ہیں۔ کل شام منا نے پھانسی لگا کرخود کشی کرلی۔ دوسراواقعہ پنکی علاقہ میں پیش آیاجہاں ایک مزدورنے مالی تنگ دستی سے پریشان ہو کر خود کشی کرلی۔ پنکی کٹراعلاقہ میں سریش سنگھ (۴۲)اپنی بیوی منجو اور بیٹے شیوم کے ساتھ رہتا تھا ۔
وہ پیشے سے مزدورتھالیکن کچھ دنوںسے کام نہ ملنے سے پریشان رہتا تھا کل دیر رات اس نے اپنے کمرے میں پھانسی لگا کرخود کشی کرلی۔ تیسرا واقعہ کاکادیوعلاقہ میں پیش آیا جہاں ایک ہوم گارڈ کے بیٹیء سنجے کمار نے پھانسی لگا کرخود کشی کرلی ۔ اہل خانہ کے مطابق سنجے نشے کاعادی تھااورنشے کیلئے وہ قرض لیا کرتاتھا۔ پیسہ ادا نہ کرنے کے سبب اس نے خود کشی کی ۔ پولیس نے تینوںلاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔