پٹنہ،13فروری(یو این آئی) بہار کے وزیر اعلی جیتن رام مانجھی نے آج کہا کہ اسمبلی میں اکثریت کا فیصلہ خفیہ ووٹنگ سے ہو اس کے لیے وہ پھر گورنر سے گزارش کریں گے ۔مسٹر مانجھی نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ اسمبلی کے صدر ادے نرائن چودھری کا رویہ واضح نہیں ہے اور ایسے میں خدشہ ہے کہ وہ اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں دوسرے فریق کو مدد پہونچانے کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایسی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے انھوں نے گورنر سے خفیہ ووٹنگ کرانے کا حکم دینے کی گزارش کی تھی۔وزیر اعلی نے کہا کہ وہ ایک بار پھر گورنر سے مل کر اسمبلی میں خفیہ ووٹنگ کے ذریعہ ہی اکثریت کا فیصلہ کرانے کے لیے اسمبلی صدر کو حکم دینے کی گزارش کریں گے ۔ انھوں نے کہا کہ وہ ابھی بھی وزیر اعلی ہیں اور اگر کسی کو ایسا لگ رہا تھا کہ انھیں اکثریت حاصل نہیں ہے تو ان کے خلاف تحریک اعتماد کی تجویز پیش کرنی چاہیے تھی نہ کہ انھیں اسمبلی میں ایسا کرنے کے لیے کہا جانا چاہیے تھا۔ مسٹر مانجھی نے کہا کہ اسمبلی صدر نے جس طرح س
ے جنتا دل یونائیٹیڈ کے باغی ایم ایل اے کی اسمبلی کی رکنیت مسترد کی اور انھیں سابق ممبر کے روپ میں ملنے والی سبھی سہولتوں پر بھی روک لگا نے کا حکم دیا اس سے صاف پتہ چلتا ہے کہ اسمبلی کے صدر قانون کی پرواہ کیے بغیر کام کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ گورنر کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کے دوران کسی طرح کی جانب داری نہ ہو۔