نئی دہلی: للت مودی معاملے میں بحث کے لئے حکومت کے تیار ہونے کے باوجود کانگریس نے آج زبردست ہنگامہ کیا جس کی وجہ سے مانسون اجلاس کے پہلے دن ہی راجیہ سبھا میں وقفہ صفر نہیں ہوسکا اور ایوان کی کارروائی بارہ بجے تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔ ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر سابق ارکان کو خراج عقیدت پیش کرنے اور دیگر معمول کے کام کاج کو نمٹانے کے بعدکانگریس کے لیڈر آنندشرمانے للت مودی کامعاملہ اٹھاتے ہوئے ضابطہ 267کے تحت ایوان کی کارروائی ملتوی کرکے اس پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی چیئرمین پی جے کوریئن نے مسٹرشرما کو اپنی بات کہنے کی اجازت دی اورکہا کہ اس معاملے پر سماجوادی پارٹی کے نریش اگروال ، سی پی آئی ایم کے سیتا رام یچوری ، ٹی کے رنگاراجن اور کے این بال گوپال نے نوٹس دیا ہے اور ان کی بات سن کر ہی ایوان کی کارروائی ملتوی کرنے کے بارے میں میں کوئی فیصلہ کروں گا۔