لندن۔مانچسٹر یونائیٹڈ فٹ بال کلب تین سال قبل مینیجر ایلکس فرگوسن کے ریٹائر ہونے کے بعد پہلی بار انگلش پریمیئر لیگ کے ٹیبل پوائنٹس پر پہلے نمبر پر آگیا ہے۔سنیچر کے روز مانچسٹر سٹی کے ٹوٹنہم کلب کے ہاتھوں چار ایک کی شکست کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ نے سنڈرلینڈ کو باآسانی 3 صفر سے ہرا کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔مانچسٹر یونائٹیڈ رواں سیزن میں سات میچوں میں سولہ پوائنٹ کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ مانچسٹر سٹی کو جس نے اپنے ابتدائی پانچوں میچ جیت کر سیزن کا شاندار آغاز کیا تھا، پریمئیر لیگ کے دو میچوں میں مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔پریمئیر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر مانچسٹر یونائٹیڈ 16 پوائنٹ کے ساتھ پہلے، مانچسٹر سٹی15 پوائنٹس، ویسٹ ہیم 13 پوائنٹس اور آرسنل 13پوائنٹس کے ساتھ پہلی چار پوزیشنوں پر براجمان ہیں۔
چمپئن چیلسی چھ میچوں میں آٹھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر 15ویں پوزیشن پر ہے۔پریمیئر لیگ میں شریک 20 ٹیموں میں ہر ایک ٹیم کو 38 میچ کھیلنے ہوتے ہیں اور جو ٹیم سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرتی ہے وہ رواں برس کی چمپئن قرار پاتی ہے۔مانچسٹر یونائیٹڈ اور سنڈرلینڈ کے مابین سست رفتاری سے شروع ہوا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر میفس ڈیپائی کے گول کی بدولت مانچسٹر یونائٹیڈ کو برتری حاصل تھی۔ میچ کے دوسرے ہاف کے شروعات میں ہی وائن رونی نے گول کر کے ٹیم کو فتح کو یقینی بنا دیا۔ یہ وائن رونی کاگذشتہ گیارہ میچوں میں پہلا گول تھا۔ میچ کا تیسرا گول یوان ماٹا نے ایشلے ینگ کے پاس پر کیا۔یہ مانچسٹر سٹی کی پریمیئر لیگ میں مسلسل دوسری شکست تھی۔مانچسٹر سٹی گذشتہ ہفتے ویسٹ ہیم سے بھی ہار گئی تھی۔ایک اور میچ میں آرسنل نے لیسٹر سٹی فٹبال کلب کو دو کے مقابلے پانچ گولوں سے ہرا دیا۔