چنئی: تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے جیہ للتا نے سری لنکا کی بحریہ کی جانب سے بار بار ریاست کے ماہی گیروں کو گرفتار کئے جانے کے معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر کہا کہ اس حساس مسئلے سے نمٹنے کیلئے فیصلہ کن تبدیلی وقت کی ضرورت ہے ۔محترمہ جے للتا نے مسٹر مودی کو ارسال کردہ خط کا ذکر آج یہاں نامہ نگاروں سے کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم مودی کی توجہ 23 مارچ کو گرفتار کئے گئے تین ماہی گیروں کی جانب مبذول کرائی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان معاملوں میں مسلسل درخواست کئے جانے کے بعد بھی مرکز نے موثر قدم نہیں اٹھائے ہیں۔محترمہ جے للتا نے مسٹر مودی سے درخواست کی کہ وزارت خارجہ فوراً اس معاملے میں مداخلت کرے اور 99 ماہی گیروں اور 83 کشتیوں کو چھڑانے کی کوشش کرے ۔انہوں نے کہاکہ ‘ہندستانی حکومت کو اس معاملے کا کوئی ٹھوس حل نکالنے کی کوشش کرنی چاہئے ‘۔