لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ پارلیمانی انتخابات میں بی ایس پی نے تیاری شروع کردی ہے۔ پارٹی کی صدر مایاوتی جمعرات سے ریاست میں عوامی جلسوں کو خطاب کریں گی۔ اس کا آغاز مغربی اترپردیش سے کیا جائے گا۔ خبر کے مطابق بی ایس پی سپریمو مایاوتی جمعرات سے ریاست میں انتخابی مہم کے تحت عوامی جلسوں کو خطاب کریں گی۔ پارٹی کی صدر مایاوتی تین اپریل کو مغربی اترپردیش کے دورے پر رہیں گی۔ ان کا مغربی اترپردیش میں پہلا جلسہ بجنور ضلع میں ہوگا۔ دوسرا جلسہ علی گڑھ ضلع کے نمائش میدان میں ہوگا۔ پارٹی صدر مایاوتی نے پارلیمنٹ کے ہونے والے عام انتخابات کیلئے پارٹی کی قومی انتخابی مہم کاآغاز ۲۲؍مارچ کو جھارکھنڈ ریاست کی راجدھانی رانچی میں عوامی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کیا تھا۔ انہوں نے ابھی تک اڈیسہ، ہریانہ، مہاراشٹر، بہار، چنڈی گڑھ، مغربی بنگال، جموں کشمیر و مدھیہ پردیش میں انتخابی جلسوں کو خطاب کیا تھا اور اب ان کا زیادہ تر وقت اترپردیش میں پارٹی کی انتخابی مہم کیلئے وقف رہے گا۔