بارہ بنکی۔ (نامہ نگار)۔ سابق رکن پارلیمنٹ کملا پرساد راوت نے زید پور اسمبلی حلقہ کے بھان مئو کے قریب واقع آدم پور ، بھٹپوروا میں ایس ایس کانونٹ ہائی اسکول کی سالانہ تقریب کے موقع پر بطور مہمان شرکت کرتے ہوئے کہا کہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں اس لئے انہیں علم حاصل کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ کوشش کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں وہی ملک ترقی کر رہے ہیں جہاں تعلیم کی سہولیات ہیں اور بچے پڑھنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تعلیم کے میدان میں اس لئے پسماندہ ہیں کیونکہ ہمارے ملک میں آزادی سے قبل کچھ ایسے لوگ موجود تھے جنہوں نے عام آدمی تک تعلیم کی رسائی نہیں ہونے دی لیکن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے ملک کیلئے ایک مثال قائم کی۔ انہوںنے کہا کہ غریب گھر کا بچہ اگر محنت و لگن سے تعلیم حاصل کرے تو وہ بھی ملک کا آئین لکھ سکتا ہے اور یہ کام ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے کر کے دکھایا اس لئے بچوں کو ان سے سبق حاصل کرنا چاہئے ۔ انہوں نے بچوں کے سرپرستوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بھی ذمہ داری ہے کہ ملک میں دہری تعلیم پالیسی قائم کرنے والے لوگوں کو پہچانیں کیونکہ انہیں کے بچوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کی قومی صدر مایا وتی نے اترپردیش میں بی ایس پی کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد تعلیم کیلئے اہم قدم اٹھائے۔ انہوں نے لڑکیوں کے ہائی اسکول پاس ہونے پر دس ہزار روپئے ، ایک سائیکل اور انٹر پاس ہونے پر بیس ہزار روپئے دینے کی اسکیم شروع کی تھی۔ انہوں نے اسکولوں میں اقامتی ہال تعمیر کراکر تعلیم کی سطح کو بہتر بنانے کیلئے کام کیا تھا۔ اس لئے ملک کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے دہلی میں مایاوتی کا ہونا ضروری ہے۔