لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔لکھنؤ کے لکشمن میلہ میدان میں لوک جن شکتی پارٹی کی جانب سے منعقد کارکنوں کے اجلاس میں رام ولاس پاسوان نے کہا کہ مایاوتی نے کبھی جو نعرے دیئے تھے وہ انتخابات کے وقت بدل گئے اب نہ تو دلت ان کے ساتھ رہا اور نہ ہی برہمن۔ انہوں نے کہاکہ ترقی میں ریزرویشن کا ایس پی کو چھوڑ کر باقی تمام پارٹیوں نے پارلیمنٹ میں حمایت کی تھی۔ اعلیٰ ذات کو خوش کرنے کیلئے ملائم نے دلت کی مخالفت کی۔ پاسوان مرکز میں نریندر مودی کی قیادت والی حکومت میں غذا و عوامی تقسیم کے وزیر ہیں۔ اپنی پارٹی کی موجودہ چھ نشستوں کو آئندہ پارلیمانی انتخابات میں بڑھاکر ۶۰ نشست کرنے کاہدف طے کرتے ہوئے پاسوان نے کہا کہ اترپردیش کی اکھلیش یادو حکومت ڈھائی برس سے اقتدار میں ہے و
ہ مرکز سے مطالبہ کرتے تھے کہ مسلمانوں کو اٹھارہ فیصد ریزرویشن دو اور سماجی حلقہ میں بیس فیصد ریزرویشن دو ۔ انہوں نے پوچھا کہ اکھلیش نے اترپردیش میں کتنا ریزرویشن دیا۔ انہوںنے کہاکہ دنیا میں جب ہندوستان کا وقار بڑھے گا تبھی ملک کے باشندے خوشحال ہوں گے اور ترقی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنی وزارت کے ذریعہ دو روپئے کلو گیہوں اور تین روپئے کلو چاول ہر ریاست کو دے رہے ہیں، بہار میں بھی دے رہے ہیں۔ انہوں نے اکھلیش حکومت سے سوال کیا کہ اترپردیش میں سستا اناج کیوں نہیں مل پا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں صحت خدمات کی حالت خراب ہے نظم و نسق کی حالت بد سے بدتر ہے۔ سوچا تھا کہ اکھلیش نوجوان وزیر اعلیٰ ہیں کچھ کریں گے لیکن انہوں نے کچھ نہیں کیا۔