علاقائی جماعت ایم این ایس نے شو کے منتظمین سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے
بھارت میں شدید تنقید کے بعد کامیڈی شو’ روسٹ شو‘ کو ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ یو ٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔
سٹینڈ اپ کامیڈی گروپ ’اے آئی بی‘ نے حال ہی میں بالی وڈ اداکار ارجن کپور اور رنویر سنگھ کو شو میں مدعو کیا تھا۔
اس شو کی ریکارڈنگ ہزاروں افراد کے سامنے کی گئی تھی۔ دائیں بازو کی تنظیموں اور ٹوئٹر کے صارفین نے شو میں ’نازیبا مذاق ‘پر تنقید کی تھی۔
یہ شو امریکی طرز کے ’روسٹ شو‘ کی نقل ہے جس میں مشہور شخصیات کی تذلیل کی جاتی ہے۔
اس میں زیادہ تر مہمان تذلیل کو مثبت مزاح کے انداز میں لیتے ہیں اور شو کے اختتام پر ان کو شو روسٹرز پر جوابی وار کرنے کا موقع دیا جاتا ہے۔
شو کی میزبانی معروف میزبان کرن جوہر نے اے آئی بی کی ٹیم کے ساتھ کی تھی، جس میں ارجن سنگھ اور رنویر سنگھ سے سوالات پوچھے گئے۔
حاضرین میں بالی وڈ کی سٹار اداکارہ دیپکا پاڈوکون ،
سوناکشی سنہا اور عالیہ بھٹ بھی شامل تھیں۔
تین اقساط پر مشتمل اس شو کے یوٹیوب پر جاری ہونے کے چند دنوں کے اندر اندر 80 لاکھ افراد نے اسے دیکھا۔
تاہم اب کامیڈی گروپ نے دائیں بازو کی تنظیموں اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر شدید تنقید کے بعد اس شو کو یوٹیوب سے ہٹا دیا ہے۔
عالیہ بھٹ اور سوناکشی نے شو کا دفاع کیا ہے
ناقدین کا کہنا ہے کہ شو میں حد سے زیادہ نازیبا مذاق اور فحش زبان استعمال کی گئی۔
بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق ریاست مہاراشڑا کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ شو کا جائزہ لینے کے بعد ضروری کارروائی کرے گی۔
علاقائی جماعت ایم این ایس نے شو کے منتظمین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ معافی مانگیں۔
جماعت کے مطابق اگر شو میں شامل فنکاروں نے معافی نہ مانگی تو ان کی فلمیں ریاست میں چلنے نہیں دی جائیں گی۔
دوسری جانب بالی وڈ کے اداکاروں نے شو پر کی جانے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کرن جوہر نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’یہ چائے کا کپ آپ کے لیے نہیں ہے، اس کو پینے کی ضرورت نہیں ہے۔‘
سوناکشی سنہا نے ٹویٹ میں شو کو فحش قرار دینے والوں پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’لوگ ایسا ردعمل دے رہے ہیں کہ جیسے انھوں نے کبھی نازیبا زبان استعمال کی ہی نہیں ہو اور نہ ہی کبھی نازیبا مذاق پر ہنسے ہوں۔‘
ادارکارہ عالیہ بھٹ نے بھی ٹویٹ میں شو کے ناقدین کو جواب دیتے انھیں زندگی کو اتنی سنجیدگی سے نہ لینے کی نصیحت کی۔