ممبئی: بالی ووڈ اداکار سونم کپور کا کہنا ہے کہ لوگ مجھے ایک اداکار کے طور پر سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونم کپور کا کہنا ہے کہ لوگ یہ بھول جاتے ہیں کہ میں ایک اداکارہ ہوں، مجھے سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا، میرا لباس اور میری ہر معاملے میں رائے دینے کی عادت میری پرفارمنس کو چھپا دیتے ہیں لیکن میں یہ دونوں چیزیں تبدیل نہیں کر سکتی کیونکہ یہ دونوں میری زندگی کا لازمی جزو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں دوسرے اداکاروں کی طرح اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے شرماتی نہیں ہوں، مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انڈسٹری میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو بہت کچھ کہنا چاہتے ہیں لیکن وہ کہتے نہیں ہیں تاہم میں ان کی طرح نہیں ہو سکتی۔سونم کپو ر کا کہنا تھا کہ میرے تمام ڈائریکٹرز کہتے ہیں کہ فلم انڈسٹری میں میری ریٹنگ کم ہے لیکن میں نہیں جانتی کہ میں اس کا کیا کروں، میں یہ سمجھتی ہوں کہ میں خود کو اسکرین کی حد تک مخصوص نہیں کر سکتی، میں نے ہمیشہ مختلف کردار نبھائے ہیں، لوگ اسٹیج پر ایک ہی امیج کے ساتھ رہ سکتے ہیں لیکن میں ایسا نہیں کر سکتی۔