اپنی موٹر سائیکل کے لیے جنون کی حد تک کی پسندیدگی کہ مثال امریکی ریاست اوہایو میں اس وقت سامنے آئی جب کہ ایک شخص نے اسے اس حالت میں دفن کرنے کی خواہش کی کہ وہ اپنی موٹرسائیکل پر سوار ہو۔ یہ آخری خواہش بلی سٹیڈلی نامی شخص کی تھی جس کے احترام میں انھیں ایک شفاف تابوت میں اس حالت میں قبر میں اتارا گیا کہ وہ اپنی 1977 ماڈل کی ہارلے ڈیوڈسن موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ یہ آخری خواہش پوری کرنے کے لیے ان کی قبر بھی معمول سے بڑی بنائی گئی۔
چار بچوں کے والد سٹیڈلي کی موت 26 جنوری کو پھیپھڑوں کے کینسر کی وجہ سے ہوئی تھی اور انہیں جمعہ کو سپردِ خاک کیا گیا۔ “انہوں نے اتنے برس ہمارے لیے سب کچھ صحیح کیا ایسے میں ان کی مرضی کے مطابق آخری الوداع دینا ہماری ذمہ داری ہے۔”
پیٹ سٹیڈلی
ان کی آخری خواہش کے احترام میں ان کی لاش پر کیمیکل لگانے کے بعد انہیں سیاہ چمڑے سے تیار کپڑے اور ہیلمٹ پہنایا گیا اور پھر لاش کو موٹر سائیکل پر دھاتی پٹی کے سہارے بٹھا دیا گیا۔
موٹر سائیکلوں کے شوقین بلی کے خاندان والوں کا کہنا ہے کہ 82 سالہ بلی سٹیڈلي تھوڑے عجیب مزاج کے مالک تھے اور کئی برسوں سے اپنے آخری سفر کو غیر معمولی طریقے سے منعقد کروانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ان کے دو بیٹوں نے ان کی موت سے پہلے ہی شفاف تابوت تیار کرا لیا تھا جسے وہ ملنے والوں کو بڑے فخر سے دکھایا کرتے تھے۔
سٹیڈلي کے بیٹے پیٹ نے مقامی اخبار ڈیٹن ڈیلی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا: ’انہوں نے اتنے برس ہمارے لیے سب کچھ صحیح کیا ایسے میں ان کی مرضی کے مطابق آخری الوداع دینا ہماری ذمہ داری ہے۔‘