’مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ میں حاملہ ہوں اور میں تو پیٹ میں درد کے لیے ہسپتال آئی تھی۔‘ اٹلی میں مقامی میڈیا کے مطابق شہر ریئتی ایک بچے کو جنم دینے والی ایک راہبہ کا کہنا ہے کہ انہیں معلوم ہی نہیں تھا کہ وہ حاملہ ہیں۔
31 سالہ خاتون کو اس وقت ہسپتال لے جایا گیا جب ان کے پیٹ میں درد ہو رہی تھی۔ وہ سمجھ رہی تھیں کہ یہ عام سی درد ہے۔
ایلسال واڈور سے تعلق رکھنے والی راہبہ نے اپنے بچے کا نام پاپائے روم کے نام پر فرانسز رکھا ہے۔
شہر ریئتی کے میئر نے میڈیا اور عوام سے کہا ہے کہ وہ خاتون کی پرائیوسی کا احترام کریں۔
ریئتی شہر 47700 رہائشیوں کا ایک چھوٹا سا شہر ہے جسے اس واقعے کے بعد بین الاقوامی میڈیا کی بہت توجہ مل رہی ہے۔
بدھ کی صبح راہبہ نے ایمبولینس کو فون کیا تھا جس کے چند ہی گھنٹوں بعد انہوں نے ایک صحت مند لڑکے کو جنم دیا۔
خبر رساں ادارے آنسا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ میں حاملہ ہوں اور میں تو پیٹ میں درد کے لیے ہسپتال آئی تھی۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں لوگوں نے نئی ماں اور ان کے بچے کے لیے عطیات جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔
خاتون کا تعلق ریئتی کے قریب ایک گرجہ گھر سے ہے جو کہ بڑی عمر کے افراد کے لیے ایک فلاحی مرکز چلاتا ہے۔
گرجہ گھر میں راہبہ کی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ وہ اس خبر پر حیران ہیں۔
مقامی پادری ڈان فابریزیو نے صحافیوں کو بتایا کہ راہبہ بچے کی خود ہی دیکھ بھال کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا ’میرے خیال میں وہ سچ ہی کہہ رہی ہیں کہ ہسپتال پہنچنے تک انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ حاملہ ہیں۔‘