نئی دہلی:دہلی پولس کمشنر بھیم سین بسی نے دہلی کی عام آدمی پارٹی (آپ)سرکار کی جانب سے ان پر بدعنوانی کا مقدمہ چلانے کے اعلان پر آج کہا ہے کہ یہ الزام سراسر جھوٹے اور بے بنیاد ہیں ایسا کرنے والوں کی وہ اچھی طرح خبر لیں گے ۔مسٹربسی نے کہا ‘‘میں نے زندگی میں 25 پیسے کی بھی رشوت نہیں لی ہے ۔ جو مجھے بے ایمان بتارہے ہیں وہ خود اوپر سے پاؤں تک بدعنوانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ پولس کمشنر کا یہ ردعمل آپ حکومت کے اس بیان کے بعد آیا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ مسٹر بسی نے دہلی کے روہنی علاقہ میں ایک کوآپریٹیو سوسائٹی میں فلیٹ خریدنے کے لئے اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا ہے اور غلط معلومات فراہم کرکے فلیٹ خریدا ہے اس کے لئے ان کے خلاف دھوکہ دھڑی کا مقدمہ چلایا جائے گا۔مسٹر بسی نے ان الزاماات کو سازش قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں انہیں میڈیا سے خبر ملی ہے ۔ دہلی سرکار کی جانب سے اس طرح کی کوئی تحریری شکایت نہیں آئی ہے ۔ اگر یہ بات صحیح نکلی تو وہ ایسا کرنے والوں کو منھ توڑ جواب دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ‘‘یہ محض مجھے بدنام کرنے کی سازش ہے ۔’’ میرے پاس جو بھی املاک ہے وہ میں نے کوئی بے ایمانی کے بغیر جمع کی ہیں اگر ضرورت پڑی تو میں الٹا دہلی سرکار کے خلاف شکایت درج کراؤں گا۔