لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ میرے ساتھ ہونے والے فراڈ پر پولیس نے ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں کی اگر قانون میرے ساتھ ایسے کر رہا ہے تو ایک عام آدمی کے ساتھ رویہ کیا ہو گا۔ ملزم پارٹی کے ماننے کے باوجود میرا کیس حل نہیں کرایا جا رہا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے آل رائونڈر محمد حفیظ کے ساتھ لاہور میں پراپرٹی ڈیلرز نے کروڑوں روپے کا ہاتھ کر گئے تھے۔ حفیظ نے کہا کہ پلاٹ کیس میں ان کے ساتھ ہونیوالے فراڈ کے حوالے سے پولیس 2 ہفتوں سے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ وہ صبح شام فون کرتے ہیں لیکن ان کو کہا جاتا ہے کہ ابھی معاملہ حل ہو گا، ابھی معاملہ حل ہو گا۔ کرکٹر محمد حفیظ نے پلاٹ کیس میں اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کے حوالے سے پولیس کے عدم تعاون پر افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کا قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کے ساتھ یہ حال ہے تو عام آدمی کے ساتھ اس کا رویہ کیسا ہو گا، یہ سمجھنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ملزم پارٹی مان بھی رہی ہے کہ اس نے پیسے دینے ہیں پھر بھی کیس حل نہیں کرایا جا رہا۔