ولی وڈ فلم ‘اے دل ہے مشکل’ طویل عرصے سے میڈیا کی سرخیوں میں موجود ہے، جس کی وجہ اس میں فواد خان کا مختصر کردار تھا، تاہم اس معاملے کے بعد فلم ایک بار پھر تنازع کا شکار ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان کے مقبول گلوکار مرحوم محمد رفیع کے بیٹے شاہد رفیع نے اس فلم میں اپنے والد کے حوالے سے ایک جملہ شامل کرنے پر کرن جوہر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
فلم کے ایک سین کے دوران اداکارہ انوشکا شرما نے کا کہنا تھا کہ ‘محمد رفیع گاتے نہیں، روتے تھے’۔
شاہد رفیع کا اس حوالے سے ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ ‘یہ بہت بےعزتی کی بات ہے، مجھے کرن جوہر پر شرم آرہی ہے، مجھے ان سے اس قسم کی امید بالکل نہیں تھی، میرے والد نے کرن جوہر کے والد یش جوہر کی فلموں میں گانے گائے ہیں، اور اب وہ ایسا کررہے ہیں، میں نے اب تک فلم نہیں دیکھی، جس نے بھی یہ ڈائیلاگ لکھا وہ بیوقوف ہے، وہ نہیں جانتا رفیع صاحب کون تھے، وہ ایک بہت بہترین گلوکار تھے، وہ ان کے بارے میں ایسی بیکار بات کیسے لکھ سکتے ہیں؟’
مزید پڑھیں: ‘اے دل ہے مشکل پر پابندی سے بولی وڈ کو نقصان’
واضح رہے کہ محمد رفیع نے یش جوہر کی 1980 کی فلم ‘دوستانہ’ کے لیے دو گانے گائے تھے جن میں ‘میرے دوست’ اور ‘سلامت رہے دوستانہ’ شامل ہیں۔
شاہد رفیع کے مطابق وہ کرن جوہر سے معافی نامے کی امید کررہے ہیں، ‘جو نقصان ہونا تھا ہوگیا، بہت سے لوگوں نے فلم دیکھ لی، مجھے نہیں لگتا اب وہ اس سین کو تبدیل بھی کرنے کا سوچیں گے، میں کرن جوہر سے صرف معافی نامے کی امید کررہا ہوں’۔
اپنے والد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘ان کو گزرے ہوئے 36 سال ہوگئے، لیکن اب تک ان کے مداحوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، لوگ نئے گلوکاروں کو چند دنوں میں بھول جاتے ہیں، لیکن میرے والد کا کام ایسا تھا جسے لوگ آج بھی یاد رکھے ہوئے ہیں’۔
واضح رہے کہ محمد رفیع نے بہت مقبول گانے گائے ہیں جن میں ‘کیا ہوا تیرا وعدہ’، ‘بہاروں پھول برساؤ’، ‘لکھے جو خط تجھے’ اور ‘چُرا لیا ہے تم نے جو دل کو’ شامل ہیں، ان کا انتقال 1980 میں ہوا تھا۔