آگرہ:محکمہ آثار قدیمہ تاج محل سے متصل ساحل دریا پر بنے تین باغات کو نئی شکل دے گی اور تاج کوریڈور کے 50 ایکڑ کے علاقہ پر سبزہ لگائے گی جہاں مغل عہد کی چار حویلیاں ہیں۔
1920 میں مہتاب باغ کو ایکوائر کیا گیا تھا تب سے 95 سال میں پہلی مرتبہ محکمہ شہر کی کسی یادگار کو اپنے تحفظ میں لے رہا ہے ۔
نئے پروجیکٹ سے نہ صرف 17 ویں صدی کی حسین عمارت کا رقبہ بڑھ جائے گا بلکہ اس سے سیلانیوں کو کچھ نیا بھی دیکھنے کو ملے گا۔
مغل عہد میں تاج کے مشرقی جانب فوجی کمانڈروں خان دوراں اور آغا خان کی حویلیاں تھیں ان کے علاوہ ہاتھی خانہ تھا یہاں بہت بڑا دروازہ تھا جہاں ہاتھی رکھے ہوئے تھے یہ سارا علاقہ اے ایس آئی کے دائرے میں آگیا ہے ۔
اے ایس آئی کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ جولائی میں نوٹیفیکشن جاری ہوگیا تھا اور اب اعتراض ظاہر کرنے کے چند روز باقی رہ گئے ہیں۔ اس کے بعد اس مقام کو قومی یادگار قرار دے دیا جائے گا۔