لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ اترپردیش بریج کارپوریشن صدر دفتر پر منعقدہ تقریب میں محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر شیو پال سنگھ یادو نے ۱۳۲۷ کروڑ روپئے کے ۱۱۰ پلوں اور منصوبوں کاسنگ بنیاد ونقاب کشائی کی۔ مسٹر یادو کے ذریعہ ۱۵ چھوٹے پلوں، دس ریل پلوں اور بیس چھوٹے پلوںکی نقاب کشائی، ۳۴ پلیوں، بارہ ریلوے پل اور ۱۹ چھوٹے پلوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ مسٹر یادو نے بریج کارپوریشن کے ذریعہ کرائے جا رہے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ
ترقی کی جانب ریاست بریج کارپوریشن کے ذریعہ پلوں کی تعمیر میں ایک اہم رول ہے۔ ریاست کے تمام اضلاع میں کارپوریشن کے ذریعہ پلوں کی تعمیر تیزی سے کرائی جا رہی ہے۔ خاص طور سے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر زوردیتے ہوئے انہیں قومی دھارا میں شامل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے بریج کارپوریشن کو مقررہ ۱۰۰ پلوں کی تعمیر بروقت مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ مسٹر یادو نے نئی تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے سال کے بارہ مہینوں میں پلوں کی تعمیر کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ جو افسر و ملازمین کام میں لاپروائی کریں گے ان کے خلاف کارروائی کرنے سے حکومت گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بریج کارپوریشن کے جنرل منیجر کے عہدہ کو شامل کرتے ہوئے ہر سطح پر افسران اور ملازمین کو ترقی دی گئی ہے۔ محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر نے محکمہ کو پلوں سے رابطہ کرنے والی سڑکوں کی تعمیر کی بھی ہدایت دی تاکہ تمام پل عوام کے استعمال میں آسکیں۔ مسٹر یادو نے کہا کہ کارپوریشن کی پوری کوشش ہونی چاہئے کہ وہ اپنے تمام وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ۱۰۰پلوں کو بروقت تعمیر کرائے۔ موجودہ وقت میں بریج کارپوریشن کے ذریعہ حکومت کی دو سالہ مدت کار میں چھوٹے بڑے پلوں کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔ وزیر مملکت محکمہ تعمیرا ت عامہ اور آبپاشی سریندر سنگھ پٹیل نے بریج کارپوریشن کے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ بریج کارپوریشن نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست میں ہی نہیں بلکہ پورے ملک میں شہرت حاصل کی ہے لیکن کارپوریشن کے ترقی کے امکانات ابھی اورہیں اور کارپوریشن کے ملازمین اپنی محنت سے اسے بلندیوں تک لے جائیں گے۔ اس موقع پر اسمبلی اسپیکر ماتا پرسا د پانڈے ، رکن اسمبلی سشیلا سروج، راجیہ سبھا رکن کنک لتا سنگھ، اروند سنگھ گوپ ، امبیکا چودھری ،رام گوونگ وغیرہ نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔