لکھنؤ(نامہ نگار)حضرت گنج میں دکانداروں کی مخالفت کے باوجود میونسپل کارپوریشن کی ناجائز قبضہ مخالف مہم کے دوران تقریباً ایک درجن غیر قانونی دکانوںکو ہٹا دیا گیا۔
دکانداروں کی مخالفت دیکھ کر ناجائز قبضہ مخالف دستہ واپس لوٹ گیا۔ آج صبح میونسپل کارپوریشن زون ایک کے ٹیکس سپرنٹنڈنٹ شری دھر یادو کی قیادت میں ناجائز قبضہ مخالف دستہ حضرت گنج کوتوالی روڈ پر پہنچا۔ بھاری پولیس فورس کے ساتھ دستے نے دکانوںکے باہر کھڑی گاڑیوں کو ہٹانا شروع کر دیااور قرب وجوار کی گمٹیوں کو اٹھایا جس سے دکاندار متحد ہو گئے اور ناجائز قبضہ مخالف مہم کی مخالفت کرنے لگے۔ پولیس کی مداخلت کے بعد دکان کے باہر کھڑی گاڑیوں کو ہٹایا گیا اور قرب وجوار کے ٹھیلے والوں کو بھی ہٹایا گیا۔ اس کے بعد دستہ ہندی سنستھان کی جانب گیا۔ جہاں چائے کے ٹھیلے کو ہٹا کر اسے ضبط کرلیا۔ مخالفت کے باوجود دستے نے کارروائی جاری رکھی۔ دکانداروں کے سخت غصے کے پیش نظر ناجائز قبضہ مخالف دستہ خانہ پُری کر کے واپس چلاگیا۔واضح ہو کہ گذشتہ روز عالم باغ علاقے میں بھی میونسپل کارپوریشن کی ناجائز قبضہ مخالف مہم کو دکانداروں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا تھا اور دستے کو واپس ہونا پڑا تھا۔