چندوسی:سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی لکشمی گوتم نے مقامی سیاست میں دلچسپی ظاہر کی ۔ انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر پارٹی عہدیدران و کارکنان کا ایک جلسہ منعقد کیااور شہر کی ترقی کے بارے میں غور کیا۔ اس کے علاوہ سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ کی ۲۱نومبر کو ہونے والی ’دیش بچاؤ ، دیش بناؤ‘ ریلی کو کی میابی کے لئے حکمت عملی پر بھی غور کیا۔
انہوں نے کارکنان اور عہدیداران سے ریلی میں شرکت کرنے کی پرزور اپیل کی ۔ جلسہ میں ذاکر سلمانی ، راجیش یادو، سنجے ورما، ساگر گپتا،امیش اگروال ، شہر صدر یوجن سبھا دلیپ گوڑ، چندرپال سنگھ ایڈوکیٹ کے علاوہ عرفان خان ، گاؤں پردھان جوگراج ، ظہیر قریشی وغیرہ موجود تھے۔ اس کے علاوہ سماجوادی پارٹی یوجن سبھا کا ایک جلسہ پارٹی کے سینئر لیڈر پون راگھو کی رہائش گاہ گاؤں اورنگ پور سلیٹا میں منعقد ہوا۔
جلسہ میں ۲۱ نومبر کی ریلی کے سلسلہ میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے ایس پی لیڈر پون راگھو نے کہا کہ ۲۱ نومبر کی ریلی کو پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی، کانگریس اور بی ایس پی ریاست میں فرقہ وارانہ فساد کرواکر ملک کے اتحاد اور سالمیت کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ سماجوادی پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ سے مخالف جماعتیں خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے عوامی مفاد کی لیپ ٹاپ تقسیم ، کنیا ودیا دھن ، بے روزگاری بھتہ اور ایمبولنس خدمات شروع کی ہیں۔ ان اسکیموں کی وجہ سے سماجوادی پارٹی کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہاہے۔
مخالفین کوجواب دینے کے لئے ۲۱ نومبر کو بریلی میں دیش بچا ؤ دیش بناؤ ریلی کا انعقاد کیا جار ہاہے۔جلسہ میں مجاہدحسین، اوم پال سنگھ، وید پرکاش شرما، نتیش ٹھاکر، للت رادھو، جاوید قریشی ، کمال سیفی اور اکھلیش ٹھاکر وغیرہ موجود تھے۔