نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی سمیت تقریباً 15 مرکزی وزراءکو افریقی ملکوں کے لئے اپنا خصوصی ایلچی مقرر کیا ہے جو
افریقہ کے 54 ملکوں کا دورہ کرکے ہندستان میں اکتوبر میں ہونے والی تیسری ہند، افریقی کانفرنس میں شرکت کے لئے وہاں کے سربراہان کو مدعو کریں گے ۔ مسٹر نقوی آئندہ 5 جولائی سے مصر سمیت کئی افریقی ملکوں کا دورہ کرکے وہاں کے سربراہان کو کانفرنس میں شرکت کے لئے مدعو کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ میں ہندستان کی مستقل رکنیت کے لئے راہ ہموار کریں گے ۔ذرائع کے مطابق عام طور پر وزارت خارجہ اور سفارت خانوں کے ذریعے اس طرح کے دعوت نامے دیئے جاتے ہیں لیکن اس بار ایسا پہلی بار ہوا ہے جب وزیراعظم نے اس اہم کام کے لئے اپنے وزراءکا انتخاب کیا ہے جن میں وزیر مملکت برائے خارجہ وی کے سنگھ، راجیو پرتاپ روڈی، دھرمندر پردھان، راجیو وردھن راٹھور ، منوج سنہا، سری پدنائک، مہیش شرما سمیت تقریباً 15 وزراءکے نام شامل ہیں۔عموماً سارک کانفرنس کے سوا ہندستان میں کسی سربراہ کانفرنس کے لئے سربراہان حکومت کو سفارتی چینلوں کے ذریعے دعوت دی جاتی ہے مگر مودی حکومت نے اس کام کے لئے اپنے وزیروں کو منتخب کیا ہے ۔ ایک افسر نے کہا کہ خصوصی ایلچیوں کو دورے پر بھیجنا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اس کانفرنس کو کتنی سیاسی اہمیت دی جارہی ہے ۔ یہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ مودی حکومت وسائل سے مالامال اور سیاسی طور پر اہمیت کے حامل افریقی براعظم تک اپنی پہنچ کو بڑھانے کی خواہش رکھتی ہے ۔دراصل 54 افریقی ممالک کی حمایت سلامتی کونسل کا مستقل رکن بننے کی ہندستان کی خواہش کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔ عام طور پر وزیرخارجہ کو سارک کانفرنس کے لئے جنوبی ایشیا کے ساتوں لیڈروں کو مدعو کرنے کے لئے وزیرخارجہ کو وزیراعظم کا خصوصی ایلچی نامزد کیا جاتا ہے ۔