رائے بریلی(نامہ نگار) ضلع کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران واراکین نے پرینکا گاندھی واڈرا سے ملاقات کی۔اس موقع پر تمام تنظیموں نے پارلیمانی انتخاب میں سونیا گاندھی کو حمایت دینے کی یقین دہانی کرائی۔ تنظیموں کے عہدیداران نے کہا کہ رائے بریلی میں جو ترقی ہوئی ہے وہ صرف کانگریس کی دین ہے۔ رائے بریلی کی ترقی کا سہرا آنجہانی اندراگاندھی اور سونیا گاندھی کے سر ہے۔ تنظیموں کے عہدیداران اور اراکین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اگر سونیا گاندھی رائے بریلی کی قیادت نہ کرتیں تو ضلع کی آئی ٹی آئی فیکٹری بند ہوگئی ہوتی۔ جس کی وجہ سے رائے بریلی کی تجارت ختم ہوجاتی۔سونیا گاندھی کی کوششوں سے مرکزی حکومت کی اسکیمیں رائے بریلی کیلئے شروع کی گئیں۔