لکھنؤ۔ (نامہ نگار)۔ بنتھراعلاقہ میںسنیچر کو ایک موٹر سائیکل سوار خاتون سمیت تین افراد کو ٹرک نے ٹکر مار دی جس کے سبب موٹر سائیکل چلا رہے نوجوان کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ خاتون اور اس کا داماد شدید طور سے زخمی ہو گیا۔ لوگوں نے انہیں اسپتال میں داخل کرایا جہاں اتوار کی صبح خاتون نے دم توڑ دیا۔ وہیں بخشی کا تالاب میں سڑک کے کنارے پیدل چل رہی خاتون کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے سبب اس کی موت ہو گئی۔ بنتھرا کے مینیجر کھیڑا رتولی مزرعہ کے رہنے والے رنجیت پڑوس میں رہنے والی ساس ۶۰ سالہ پیارہ دیوی کو لیکر موٹر سائیکل سے دوا دلانے جا رہا تھا۔ رنجیت موٹر سائیکل چلا رہا تھا اور بیج ناتھ پیارا کو پکڑ کر پیچھے بیٹھا تھا۔ بھاگو کھیڑا موڑ پر پہنچتے ہی ٹرک نے ان کی موٹر سائیکل میں ٹکر مار دی جس کے سبب تینوں دور جاکر گرے جہاں رنجیت کی موقع پرہی موت ہو گئی۔ زخمی پیارا دیوی اور بیج ناتھ کو مقامی لوگوں نے اسپتال میں داخل کرایا جہاں اتوار کی صبح پیارا نے دم توڑ دیا جبکہ بیج ناتھ کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ بخشی کا تالاب کے نیو فوجی ڈھابہ کے پاس سنیچر کو ایک لاوارث ۳۰ سالہ خاتون کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس کے سبب خاتون کی موقع پرہی موت ہو گئی۔
ڈھابہ مالک نے حادثہ کی اطلاع پولس کو دی ۔ موقع پر پہنچی پولس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔