لکھنؤ: بنتھرا علاقہ میں اسکول سے گھر واپس لوٹ رہے معصوم کو بولیرو نے کچل دیا جس سے اس کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دوسری جانب پی جی آئی علاقہ میں آٹو سوار بزرگ کو کسی نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی جس سے ان کی موت ہو گئی۔ اطلاع کے مطابق بنتھرا کے بیتی گاؤں میں رہنے والے کسان راجیو شکلا کا پانچ سالہ بیٹا ویبھو شکلا روز کی طرح منگبل کو اسکول گیا تھا۔ ویبھو میو پبلک اسکول میں کے جی کا طالب علم تھا۔ چھٹی ہونے پر جب وہ اسکول وین سے واپس لوٹ رہا تھا ۔ راستے میں پیشاب کرنے کیلئے رکا اور سڑک کے کنارے پیشاب کرنے لگا اسی دوران تیز رفتار سے آہی بولیرو گاڑی نے اسے کچل دیاجس سے موقع پر ہی اس کی درد ناک موت ہو گئی۔ راہ گیروںنے حادثہ کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا ہے۔ ویبھو کو کچلنے کے بعد بولیرو گاڑی کا ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور گاڑی سڑک کنارے گڈھے میں جا گری۔ آس پاس کے لوگوں نے ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ دوسری طرف بارہ بنکی کے لچھی پوروا کے رہنے والے ۶۰ سالہ رام ساگر اپنی ناتی پنکج کے ساتھ آٹو سے پی جی آئی دوا لینے جا رہا تھا۔ راستے میں آٹو پر سوار کسی نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی۔ ٹکر لگتے ہی آٹو پلٹ گیا اور دونوں بری طرح زخمی ہو گئے۔ لوگوں نے دونوں کو اسپتال میں داخل کرایا جہاں علاج کے دوران رام ساگر کی موت ہو گئی اور پنکج کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
محنت کشوں کو مفت دی جائے گی سائیکل
لکھنؤ: حکومت اترپردیش جلدہی تمام رجسٹرڈ تعمیری محنت کشوں کو مفت سائیکلیں تقسیم کرے گی۔ منصوبہ کے مطابق آئندہ ماہ سائیکلوں کی تقسیم شروع ہو جائے گی۔ ڈائریکٹوریٹ برائے محنت سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تقریباً سوا تین لاکھ محنت کشوں کو مفت سائیکلیں دیئے جانے کا منصوبہ ہے۔ پہلے اس اسکیم میں رجسٹرڈ محنت کشوں سے کچھ رقم جمع کرائی جاتی تھی لیکن اب مفت سائیکلیں دی جائیں گی۔ اطلاعات کے مطابق اسکیم سے استفادہ کیلئے کافی تعداد میں درخواستیں موصول ہو رہی ہیں۔ محکمہ محنت کے افسران لیبر اڈوں پر کیمپ لگاکر اور دیگر وسائل و ذرائع کا استعمال کر کے اسکیم کی تشہیر کر رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ محنت کش مستفید ہو سکیں۔