لکھنواترپر دیش کے وزیر اعلیٰ جناب اکھلیش یادو نے کہاکہ رکشا بندھن کا تہوار کا یہ پیغام ہے کہ آپسی بھائی چارے کو فروغ حاصل ہواور سماج میں خلیج پیدا کرنے والی طاقتوں کا خاتمہ ہو۔ اس تہوار میں بھائی کی کلائی پر جب راکھی باندھی جاتی ہے تو وہ بہن کے تحفظ کا عہد لیتا ہے۔ انہوں نے رکشا بندھن کو ایک انوکھا تہوار بتاتے ہوئے کہاکہ ایسا تہوار دنیا کے دیگر کسی ملک میں نہیں منایا جاتا ، جس میں بہن بھائی کو راکھی باندھتی ہے۔ یہ تہوار ملک کی قدیم روایت کا حصّہ ہے۔
وزیراعلیٰ آج اپنی سرکاری رہائش گاہ پر منعقد رکشا بندھن پروگرام کو خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر متعدد برادریوں کی لڑکیوں اور خواتین نے وزیراعلیٰ کو راکھی باندھی۔ جناب یادو نے انہیں تحفہ پیش کیے۔محترمہ سرتا شرما اور برہم کماری محترمہ رادھا بہن نے بھی اس موقع پر وزیراعلیٰ کو راکھی باندھی۔
وزیراعلیٰ نے ریو اولمپک۔۶۱۰۲ میں کشتی میں کانسے کا تمغہ حاصل کرنے والی خاتون پہلوان محترمہ ساکشی ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں رانی لکشمی بائی بہادری انعام سے نوازنے کا اعلان کیا۔ جناب یادو نے کہاکہ سماج وادی حکومت کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے مسلسل کام کر رہی ہے نیز کھلاڑیوں کو متعدد قسم کی سہولیات بھی مہیا کرارہی ہے۔
جناب یادو نے انعقاد کے محرک مشہور کوی اور اترپردیش بھاشا سنستھان کے کارگزار چیرمین ڈاکٹر گوپال داس نیرج کی کوششوں کی ستائش کی۔ ایسی کوششیں سماج کے دانشمندحضرات ادیبوں اور دیگر بیدار افراد کے ذریعہ متواتر کی جانی چاہئے۔ انہوں نے میڈیا سے بھی یہی گزارش کی کہ وہ سماج کو جوڑنے والے لوگوں کو آگے لائیں۔
نیرج جی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ ریاستی حکومت سماج کے سبھی مذاہب، طبقوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد کام کر رہی ہے۔ اس موقع پر اترپردیش ہندی سنستھان کے کارگزار چیرمین جناب اودئے پرتاپ سنگھ نے کہاکہ یہ تہوار سماج میں تال میل قائم کرتا ہے۔
پروگرام میں وزیر سیاسی پنشن جناب راجیندر چودھری، وزیر جیل جناب بلونت سنگھ رامووالیا، وزیراعلیٰ کے مشیر خاص جناب آلوک رنجن، پرنسپل سکریٹری انفارمیشن جناب نونیت سہگل، اسکان کے نمائندہ جناب منترداس، طلباء؍طالبات نیز دیگر معزز افراد موجود تھے۔ یہ پروگرام ہیلپ یو ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ادارہ کے ذریعہ منعقد کیا گیا تھا۔