شاہجہاںپور(نامہ نگار)۔اتر پردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ کے ا متحان فارم آن لائن بھرے جانے اور امتحان کے لئے نئے قوانین اور ضوابط بنائے جانے کا خیر مقدم کیا گیا۔اس کے علاوہ امتحان فیس میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیس میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔عربی فارسی مدارس ایسو سی ایشن کے صوبائی صدر اقبال حسین نے کہا کہ مدرسہ تعلیمی بورڈ کا آن لائن امتحان فارم بھرائے جانے کا فیصلہ درست ہے لیکن فیس میں اضافہ پر بورڈ افسران کو از سر نو غور کرنا چاہئے۔کیوں کہ فیس میں اصافہ سے کمزور اور غریب طلباء کو دقت پیش آئے گی۔اس سے پرائیویٹ طلباء کی تعداد پر بھی اثر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ مدرسہ بورڈ نے جو لائحہ ٔ عمل طے کیا ہے اس پر اٹل رہنا چاہئے۔مگر بورڈ کے پاس اختیارات نہ ہونے سے دقتیں پیش آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ یو پی ثانوی تعلیمی بورڈ کی فیس کو دھیان میں رکھتے ہوئے فیس میں اضافہ کیا جانا چاہئے تھا۔ مدرسہ بورڈ چیئرمین کو چاہئے کہ سب سے پہلے بورڈ امتحان کرانے میںہونے والے اخراجات کا بندوبست کرائیں ۔امتحان مراکز
کے انچارجوں اور کاپیاں جانچنے والوں کو اجرت دینا چاہئے تاکہ اساتذہ میں دلچسپی بنی رہے۔اور بورڈ میں خالی پڑی اسامیوں کو پُر کراکر مستقل رجسٹرار اور ڈپٹی رجسٹرار کی تقرری کرائیں تبھی بورڈ کے لائحہ عمل کو عملی جامہ پہنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیس بڑھانے سے مدرسہ بورڈ کا کوئی فائدہ نہیں کیوں کہ فیس حکومت کے پاس جا رہی ہے۔ جب کہ حکومت مدارس کو پورا بجٹ نہیں دیتی ہے۔بورڈ کو چاہئے کہ مدرسہ تعلیمی بورڈ کا اپنا اکائونٹ بنوائے تاکہ بورڈ کو فیس مل سکے جس سے کہ بورڈ کا خرچ اور دیگر اخراجات پورے ہو سکیں۔