ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ مدھوریما تولی جو کافی عرصہ سے کسی سپراسٹار کے ساتھ کام کرنے کے خواب دیکھ رہی تھیں۔اب ان کی یہ خواہش پوری ہونے جارہی ہے اطلاعات کے مطابق وہ جلد ہی فلم ’’بے بی‘‘میں اکشے کمار کے ساتھ بڑی اسکرین پر نظر آئیں گی اور اس فلم میں وہ اکشے کمار کی دوست کا نہیں بلکہ بیوی کا کردار اداکریں گی جو ایک بچے کی ماں ہے جب کہ اکشے ایک سیکرٹ ایجنٹ کے کردار میں نظر آئیں گے۔ ثانوی کرداروں سے انڈسٹری میں قدم رکھنے والی اداکارہ کو ابھی تک کوئی اچھا پلیٹ فارم نہیں مل سکا تھا اور وہ ڈرامہ سیریلز اور اشتہارات تک محدود ہوکر رہ گئیں تھی مگر اب اسے ایک اچھی فلم مل گئی ہے جس میں وہ ہیروئین تونہیں مگر سپورٹنگ اور اہم کردار میں ہیں۔اس سلسلہ میں مدھوریما کا کہنا ہے کہ مجھے یہ ایک خواب جیسا لگتا ہے کیونکہ ہدایتکار نیرج پانڈے نے مجھے ایک اشہتاری فلم میں دیکھ کر بلایا اور آڈیشن کے بعد فلم بے بی میں کام کے لیے منتخب کرلیا۔اداکارہ کا مذید کہنا تھا کہ میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے کیونکہ میں ابھی تک اس بات کو حقیقت نہیں سمجھ رہی کہ اکشے کمار کے مقابل کسی فلم میں کام کررہی ہوں اکشے کمار اپنی ساتھی اداکاراؤں کا بہت خیال رکھے اور انھیں تراشنے میں اہم کردار اداکرتے ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں ہے۔واضح رہے کہ بھوشن کمار کی پروڈکشن میں بنائی جانیوالی اس فلم میں تاپسی پنو مرکزی کردار اداکررہی ہیں اور اس کی عکس بندی بھارتی دارالحکومت دہلی کے علاوہ ابوظہبی، استنبول کھٹمنڈو اور اومان میں بھی کی جائے گی جس کے لیے لوکشینز فائنل کرلی گئی ہیں اور اسے آئندہ برس 23 جنوری کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔