بھوپال، 25 نومبر:مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات کے لئے سبھی 230 سیٹوں کے لئے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کے درمیان آج صبح پولنگ شروع ہوگئی ۔ شام پانچ بجے تک ڈھائی ہزار سے زائد امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند ہوجائے گا۔چیف الیکٹورل افسر کے دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطابق نکسلیوں سے متاثر ضلع بالا گھاٹ کی لانجی، بیہر اور پرسواڈا سیٹوں پر صبح 7 بجے اور بقیہ 227 سیٹوں کے لئے صبح آٹھ بجے سے پولنگ شروع ہوگئی۔ لانجی ، پرسواڈا اور بیہر سیٹوں کے لئے سہہ پہر تین بجے پولنگ ختم ہوجائے گی جبکہ باقی 227 سیٹوں پر شام 5 بجے تک ووٹنگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔سیکورٹی فورسیز کے تقریباً ڈھائی لاکھ سے زائد جوانوں نے پرامن اور غیر جانبدارانہ پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے تقریباً 54 ہزار پولنگ مراکز کو کل شام سے اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا اور پولنگ ٹیم بھی پولنگ مراکز میں پہنچ گئی تھی۔ نکسلیوں سے متاثر بالا گھاٹ اور سنگرولی اضلاع ہوائی سیکورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔