لکھنؤ: اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اور مدھیہ پردیش کے سابق گورنر رام نریش یادو کا آج یہاں انتقال ہو گیا۔وہ تقریباً 90 سال کے تھے ۔گزشتہ چند مہینوں سے بیمار مسٹر یادو کو سانس لینے میں تکلیف ہونے پر سنجے گاندھی انسٹیٹیوٹ (ایس جی پی جی آئی ) میں داخل کرایا گیا تھا جہاں صبح تقریباً نو بجے انہوں نے آخری سانس لی۔بنیادی طورپر وہ اعظم گڑھ کے رہنے والے تھے ۔ 1977 میں وہ اترپردیش کے وزیر اعلی منتخب ہوئے تھے ۔
انہیں 08 ستمبر 2011 کو مدھیہ پردیش کا گورنر بنایا گیا تھا۔ گزشتہ سات ستمبر کو ہی وہ گورنر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے ۔ وہ انتہائی ایماندار امیج کے لیڈر مانے جاتے تھے ۔گاندھی جی کے پیروکارمسٹر یادو 1977 میں اعظم گڑھ (اپرپردیش)سیٹ سے الیکشن جیت کر چھٹی لوک سبھا کے رکن بنے تھے ۔ وہ 23 جون 1977 سے 15 فروری 1979 تک اتر پردیش کے وزیر اعلی رہے ۔
انہوں نے 1977 سے 1979 تک ندھولي کلاں (ایٹہ) کی اسمبلی میں نمائندگی کی اور 1985 سے 1988 تک شکوہ آباد (فیروز آباد) کے رکن اسمبلی رہے ۔وہ 1988 سے 1994 تک اتر پردیش سے راجیہ سبھا کے بھی رکن رہے ۔ انہوں نے 1996 سے 2007 تک پھول پور (اعظم گڑھ) سیٹ کی اسمبلی میں نمائندگی کی۔وکالت سے اپنی سیاسی زندگی شروع کرنے والے مسٹر یادو ایمرجنسی کے دوران اعظم گڑھ اور الہ آباد کی نینی جیل میں بند تھے ۔ اعظم گڑھ کے انباري گاؤں میں ایک عام کسان کے گھر پیداہوئے مسٹر یادو اپنے نرم مزاج کی وجہ سے گورنر اور وزیر اعلی کے عہدے تک پہنچے ۔
انہوں نے 12 اپریل 1989 کو اس وقت کے وزیر اعظم راجیو گاندھی سے متاثر ہوکر کانگریس کی رکنیت حاصل کر لی تھی۔کانگریس میں شامل ہونے سے پہلے انہوں نے راجیہ سبھا میں پارٹی کے ڈپٹی لیڈر، پارٹی کے جنرل سکریٹری اور دیگر عہدوں سے استعفی دے دیا تھا۔اتر پردیش میں وزیر اعلی کی حیثیت سے انہوں نے پس ماندہ طبقے اور غریبوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دی تھی۔ انہوں نے غریبوں کے لئے ریاست میں بی پی ایل کی منصوبہ بندی کی شروعات کرائی تھی۔ اسی سال مارچ میں مسٹر یادو کے بیٹے کے انتقال کے بعد وہ ٹوٹ سے گئے تھے اور فکر مند رہتے تھے ۔
بیٹے کی موت کے کچھ ہی مہینے پہلے ان کی بیوی کا بھی انتقال ہو گیا تھا۔ان کے بیٹے کی وجہ سے ان کا نام مدھیہ پردیش کے سرخیوں میں چھائے مشہور ویاپم گھوٹالے میں بھی کھلاتھا۔ ان کے انتقال پر ریاست میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
انتہائی شائستہ مزاج اور ایماندارشخصیت کے مسٹر یادو کی موت پر گورنر رامنایک، مدھیہ پردیش کے گورنر او پی کوہلی، سماج وادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو، وزیر اعلی اکھلیش یادو، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر کیشو پرساد موریہ، کانگریس کے ریاستی صدر راج ببر، ایس پی ریاستی صدر شیو پال سنگھ یادو، کانگریس کے سابق ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری سمیت کئی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی آخری رسومات اعظم گڑھ میں واقع ان کے آبائی گاؤں میں ادا کی جائیں گی۔