نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ قومی سلامتی مشیر (این ایس اے ) سطح کی بات چیت کے لئے ماحول نامناسب ہے لیکن اگر بات چیت کرنی ہے تو اس بات کو یقینی بنایا جانا بہت ضروری ہے کہ اس کے مثبت نتیجے آئیں۔کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے آج یہاں پارٹی کے دفتر میں خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان میں حکومت کے ساتھ ہی وہاں کی فوج اور خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا اہم رول ہوتا ہے اس لئے کبھی بھی بات چیت کی کامیابی کیلئے پہلے یہ بھی دیکھنا پڑے گا کہ اس کی حکومت کے ساتھ وہاں کی فوج اور آئی ایس آئی متفق ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اسی ماحول کو دھیان میں رکھتے ہوئے کانگریس روس کے اوفا شہر میں وزیر اعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے مابین ہوئی بات چیت کی تفصیل کو مسلسل منظرعام پر لانے کا مطالبہ کرتی رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہمارے یہاں جیسا جمہوری نظام نہیں ہے ۔