مرادآباد: مغربی اترپردیش کے مرادآباد اور گردونواح کے علاقوں میں برفیلی ہوائیں چلنے کی وجہ سے کڑاکے کی سردی ہوگئی ہے ۔صبح و شام گھنے کہرے اور پہاڑوں پر ہوئی برفباری کی وجہ سے سرد ہوائیں چلنے سے کڑاکے کی سردی ہونے پر لوگ اپنے گھروں میں دبک کر بیٹھنے کے لئے مجبور ہوگئے ہیں ۔کہرے اور سردی کی وجہ سے یہاں سڑک اور ریل ٹرانسپورٹ بھی بری طرح متاثر ہے ۔ مرادآباد جنکشن ریلوے اسٹیشن سے گزرنے والی لمبی مسافت والی زیادہ تر ٹرینیں آج بھی اپنے مقررہ وقت سے کئی کئی گھنٹوں تاخیر سے چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مرادآباد میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 11.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈکیا گیا جو معمول سے 10 ڈگری سیلسیس کم تھا جبکہ کم از کم درجہ حرارت 6.7 ڈگری سیلسیس درج کیا گیاہے ۔