مرزا پور، 8 جنوری (یو این آئی) اترپردیش کے مرزا پور ضلع میں ایک قبائلی لڑکی نے خواتین کو تعلیم یافتہ بنا کر قابل ستائش کام کیا ہے اور اس غیرمعمولی کام کے لئے اس کا نام پریزیڈنٹ ایوارڈ کے لئے بھیجا گیا ہے۔پاکستان میں جو کام ملالہ نے کیا وہی کام یہ لڑکی سویتا ہندوستان میں کر رہی ہے۔ قبل ازیں ملک کے ایک معروف رسالہ انڈیا ٹوڈے کی طرف سے اس 13 سالہ لڑکی سویتا کو ایوارڈ دیا جاچکا ہے۔سویتا تعلیم کے میدان میں انتہائی پسماندہ قبائلی اکثریتی علاقہ لال گنج کے مہولار گاؤں کے رہنے والے سرجو کی بیٹی ہے۔ وہ پڑوسی گاؤں میں سرسوتی ودیا مندر میں درجہ ہفتم کی طالبہ ہے۔ سویتا صرف پڑھتی ہی نہیں بلکہ اپنے ٹولہ، گاؤں اور اطراف کی ناخواندہ قبائلی خواتین کو بھی تعلیم یافتہ بنا رہی ہے۔