لکھنؤ۔ مڑیاؤں پولیس نے کباڑی کی دکان پر چوری کی گئی مرسڈیز کار کو کٹواتے وقت تین لوگوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے موقع پر کار کا انجن اور کٹی ہوئی باڈی بھی برآمد کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ کار بازار کھالہ کے رہنے والے ڈاکٹر نہال کی تھی۔ ایس پی ٹی جی حبیب الحسن نے بتایا کہ مڑیاؤں پولیس کو منگل کو اطلاع ملی کہ کیشور نگر کباڑی مارکیٹ میں واقع مصطفی کباڑی کی دکان میں کچھ لوگ ایک کار کو کٹوا رہے ہیں۔ اس اطلاع پر مڑیاؤں پولیس موقع پر پہنچی تو دکان میں چار لوگ مرسڈیز کار کٹوا رہے تھے۔ پولیس کو دیکھتے ہی ایک شخص فرار ہو گیا اور تین افراد کو پولیس نے گرفتار کر کے مرسڈیز کار کا انجن اور اس کی باڈی برآمد کر لی۔
تحقیقات کے دوران گرفتار افرادمیں محمد محفوظ ساکن بازار کھالہ، منا ساکن وزیر گنج اور محمد شعبان ساکن قیصرباغ تھے جبکہ فرار ملزم کا نام شعیب بتایا جا رہا ہے جو بازار کھالہ کا رہنے والا ہے۔ تحقیقات سے یہ بھی پتہ چلاکہ یہ کار بازار کھالہ کے رہنے والے ڈاکٹر نہال کی ہے۔
پولیس نے جب ڈاکٹر نہال سے رابطہ قائم کیا تو انہوں نے بتایا کہ یہ کار دو سال پہلے ملزمین لے گئے تھے۔ جبکہ ملزمین کا کہنا ہے کہ ان لوگوں نے ڈاکٹر نہال سے کار خریدی تھی۔ یہ معاملہ عدالت میں بھی زیر سماعت ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اور ملزمین نے کار کو کٹواکر ثبوت مٹانے کی کوشش کی ہے۔ پولیس معاملہ کی تفتیش کر رہی ہے۔