لکھنؤ ۔ ( بیورو)سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج کہا کہ مرکزی حکومت کی نیت درست ہوتبھی کسانوں کی حالت سدھر سکتی ہے انہوں نے کہا کہ مرکز کے پاس پیسوں کی کمی نہیں ہے لیکن پالیسیاں نہیں ہے ۔ کسانوں کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی نہیں ہوسکتی ہے ۔ اناج پیدا کرنے سے لے کر ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے کا کام کسان کے بیٹے کرتے ہیں ۔
مسٹر یادو یہاں گومتی نگر واقع اندرا گاندھی پرتشٹھان میں کل ہند کسان نمائندوں کے اجلاس کو خطاب کر رہے تھے ۔ سماج وادی پارٹی سربراہ نے ریاست میں بجلی کے بحران کیلئے بی جے پی اور بی ایس پی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کی ریاست میں تین بار ملکر حکومت رہی جبکہ ایک ایک بار الگ الگ حکومت رہی لیکن بی جے پی اور بی ایس پی کی حکومتوں میں ایک یونٹ بجلی کی پیداوار نہیں ہوئی ۔ ریاست کی موجودہ حکومت بجلی پیدا وار کی سمت میں تیزی سے کام کر رہی ہے ۔ آنے والے دنوں میں اترپردیش میں لوگوں کو بھرپور بجلی ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کا کسان خوشحال نہیں ہوگا تو ملک خوشحال نہیں ہوگا ۔ آج بھی ملک میں ۵۶ فیصد افراد خود کاشتکاری کرتے ہیں ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ آج کسان خسارے میں ہیں اس کیلئے مرکزی حکومت کی پالیسیاں ذمہ دار ہیں ۔ مسٹر یادو نے کہا کہ اترپردیش میں سب سے زیادہ زرخیز زمین ہے ۔ اترپردیش پسماندہ اس لئے رہ گیا کیونکہ یہاں کے جو لوگ دہلی میں وزیر اعظم بنے انہوں نے بد نامی نہ ہوجائے اس خوف سے اترپردیش کی مدد نہیں کی ۔ مسٹریادو نے کہا کہ اترپردیش کی تیزی سے ت
رقی ہورہی ہے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر رہنما بھگوتی سنگھ نے کہا کہ آج سب سے زیادہ مشکل میں کسان ہے ۔ لیکن سب سے زیادہ بد قسمتی ہے کہ کسان متحد نہیں ہے ۔ پروگرام کے کنوینر اودھیش مشرا نے کہا کہ آج ملک میں کسانوں کو مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی کاشتکاری چھوڑ دیں ۔انہوں نے کہا کہ جب تک وزیر اعظم کی کرسی پر کسان کا بیٹا نہیں بیٹھے کا کسان کے مفاد کی پالیسیاں نہیں بن سکتیں ، اجلاس کو پنجاب کے ستنام سنگھ بیرو ، آندھرا پردیش کے چھنگل ریڈی ، بہار ، کرناٹک ، تمل ناڈو سمیت دیگر ریاستوں سے آئے کسان نمائندوں سے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کسانوں سے متحد ہونے کی درخواست کی ۔
کسانوں کے اجلاس میں سماج وادی پارٹی سربراہ نے یوپی بی جے پی کے صدرپر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جتنی اسکیمیں اترپردیش میں کسانوں کیلئے چلائی جارہی ہیں اتنی سہولتیں ہندوستان کے کسی صوبہ میں نہیں دی جارہی ہیں لیکن بی جے پی کے صدر مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں ۔