لکھنؤ۔(نامہ نگار)۔ کانگریس جنرل سکریٹری و انچارج مدھو سودن مستری نے مرکزی اور ریاستی حکومت پر ہر مورچہ پر ناکام ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت موجودہ تحویل آراضی آرڈیننس سرمایہ داروں کے حق اور کسانوں کے مفاد کے خلاف ترمیم کیلئے لائی ہے۔ وہیں ریاست میں خواتین استحصال،قتل، لوٹ ، عصمت دری اور ڈکیتی کی واردات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مسٹر مستری جمعہ کو ریاستی کانگریس دفتر میں ضلع شہر صدور کے جلسہ کو خطاب کر رہے تھے۔ پارٹی کی رکنیت مہم اور بارہ مارچ کو ہونے والے ریل روکو –
ہائی وے جام کرو تحریک کی چرچا کیلئے منعقد جلسہ میں ریاست کے ضلع- شہر کانگریس صدر شامل ہوئے۔ جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے مسٹر مستری نے مرکز کی مودی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہاکہ انتخاب کے دوران عوام سے کئے وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں ہوا ۔ ریاستی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں بدعنوانی عروج پر ہے۔ حکومت کے وزراء کے خلاف لوک آیکت جانچ کر رہے ہیں اور ریاست میں جنگل راج قائم ہے۔
انہوں نے ضلع شہر صدور سے اپنے اضلاع میں بارہ مارچ کو ہونے والی تحریک کیلئے عوامی بیداری مہم چلانے کی اپیل کی۔ انہوںنے کہا کہ تحریک میں عوامی حصہ داری کیلئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ناکامیوں کے بارے میں عوام کو بتائیں۔ ریاستی صدر ڈاکٹر نرمل کھتری نے کہاکہ مرکزی و ریاستی حکومتوںکے خلاف ہونے والی تحریک سے عوام کو روشناس کرائیں۔ مرکز کے حصول آراضی قانون، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکمی کے باوجود قیمت کم نہ کرنا، سیاہ دولت واپس لانے کا وعدہ اور ریاستی حکومت کی بڑھتی ہوئی ناکامیوں، خواتین استحصال کی واردات، کانکنی مافیاؤں کی حمایت کر کے بدعنوانی کو فروغ دینے جیسے معاملوں پر ہونے والی تحریک کے بارے میں عوام کو روشناس کرایا۔ مسٹر کجتری نے ضلع شہر صدور سے رکنیت سازی مہم کے تحت رکنیت سازی کی فہرست ریاستی دفتر میں جمع کر کے ا س کی رپورٹ سونپنے کی ہدایت دی۔ جلسہ میں خاص طور سے کانگریس قانون ساز پارٹی لیڈر پردیپ ماتھر، نصیب پٹھان، ریاستی معاون انچارج و قومی سکریٹری زبیر خان اور شری پرکاش جوشی سمیت مختلف ضلع و شہر صدر موجود تھے۔ جلسہ میں ضلع-شہر صدور نے رکنیت سازی مہم کے بارے میں رپورٹ دیتے ہوئے تحریک کے سلسلہ میں صلاح دی۔