نئی دہلی: اترپردیش کی سابق وزیر اعلی اور بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے نیشنل رورل ہیلتھ مشن (این ایچ آر ایم) گھپلہ معاملے میں سی بی آئی کے غلط استعمال کا آج مرکز ی حکومت پر الزام لگایا۔محترمہ مایاوتی نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی ایجنسی بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے دباو میں کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ چار سال قبل اٹھا تھا لیکن اب سیاسی دباو میں آکر سی بی آئی ان سے پوچھ گچھ کررہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کل شام سی بی آئی کے ایک افسر کا اس سلسلے میں فون آیا تھا ، لیکن اس کے پہلے یہ خبر میڈیا کو لیک کردی گئی۔سابق وزیر اعلی نے کہا کہ ان کے خلاف تاج کوریڈور معاملے میں 2003 میں بھی جانچ ایجنسی کا استعمال کیا گیا تھا لیکن وہ کسی دباو میں آنے والی نہیں ہیں۔ انہوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ وہ اس سے ڈرنے والی نہیں ہیں اور بی جے پی کو اس کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ سی بی آئی کا استعمال سیاسی انتقام کے جذبے سے کیا جارہا ہے لیکن وہ ڈرنے والی نہیں ہیں ۔ انہوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ان کا اس گھپلے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ ریزرویشن کے سلسلے میں آر ایس ایس سربراہ کے بیان پر محترمہ مایاوتی نے کہا کہ مودی حکومت نے اب تک اس کی تردید نہیں کی ہے ۔ ہم حکومت کو وارننگ دے رہے ہیں کہ اگر ریزرویشن کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی تو پورے ملک میں اس کے خلاف ہنگامہ برپا کردیں گے ۔