راشٹریہ لوک دل کے ریاستی صدر منا سنگھ کا الزام
لکھنو:راشٹریہ لو دل کے ریاستی صدر منا سنگھ چوہان نے کہاکہ مایا ، ملائم اور مودی تینوں آپس میں ملے ہوئے ہیں۔ حکومت چاہے مرکز کی ہو یا ریاست کی سبھی صرف عوام کا مذاق اڑانے میںمصروف ہیں۔ یہ باتیں منا سنگھ چوہان اتوار کو وسطی اترپردیش ، پوروانچل اور بندیل کھنڈکے ضلع صدور اور منطقائی صدور کے یک روزہ جلسہ کے دوران کہیں۔
مسٹر سنگھ جلسہ کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے تین ستمبر کو کارکنان کے ذریعہ اضلاع میں کئے گئے مظاہرہ کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کیا جا رہا ہے۔ اس لئے بدعنوانی کے خلاف ہم آواز اٹھاکر موجودہ حکومت کی قلعی کھول سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پریشانیوں سے روبرو ہوکر مہنگائی کے مدعے پر آئندہ ماہ دھرنا و مظاہرہ کرنے کی حکمت عملی بنانی ہوگی۔ ضلع کمیٹیوں سے لیکر بلاک اور بوتھ سطح تک کی کمیٹیاں تشکیل کر کے ضلع میں اسمبلی کی تیاری کرکے اپنا پرچم لہرانے میں ہم کامیاب ہوں گے۔
انہوںنے کہا کہ درج فہرست ذاتوں کی نابرابری کو دور کرنے کیلئے بھی ہمیںان کو ساتھ لیکر کام کرنا ہوگا جس سے ان کے ساتھ انصاف ہوسکے۔ جلسہ کو قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر مسعود احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے غریبوں اور کسانوں کیلئے صرف چودھری چرن سنگھ نے جدو جہد کی۔ جلسہ میں اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اکیس ستمبرکو مہنگائی کے خلاف مشعل جلوس نکالا جائے گا۔ بدعنوانوں کی قلعی کھولو مہم کم از کم ۱۵دنوں تک چلائی جائے گی۔